نئی دہلی: گجرات پردیش کانگریس کے صدر شکتی سنگھ گوہل نے منگل کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ راجکوٹ کے گیم زون میں آگ لگنے سے 31 افراد کی دردناک موت کی ذمہ داری بی جے پی حکومت پر عائد ہوتی ہے ۔ اور اس کے لئے ریاستی حکومت کے اعلیٰ حکام کی لاپرواہی ذمہ دار ہے ۔ اس گیم زون میں فائر سیفٹی، داخلے اور باہر نکلنے کے لیے الگ راستے ، رہائشی علاقوں سے دوری جیسے حفاظتی اصولوں پر عمل نہیں کیا گیا۔ گوہل نے کہا کہ راجکوٹ میں اتنے ہولناک حادثے کے بعد بھی حکومت سنجیدہ نہیں ہے ۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن آج حکومت خود اس سے کھیل رہی ہے ۔ جب بڑے افسران خود اس گیم زون میں آتے اور جاتے ہیں تو پھر حکومت چھوٹے افسران کو معطل کرکے کیا ثابت کرنا چاہتی ہے ؟ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ گجرات کے راجکوٹ میں پیش آنے والا حادثہ کوئی پہلا حادثہ نہیں ہے ۔ اسی طرح کے ایک دیگر حادثہ میں سورت کے ایک تعلیمی ادارے میں 22 بچوں کو اپنی جان گنوانی پڑی تھی ۔ سورت میں متاثرین کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ ہمیں آج تک انصاف نہیں ملا لیکن راجکوٹ کے بچوں کو انصاف ملنا چاہئے ۔ اسی طرح ودودرا میں کشتی ڈوبنے کے واقعہ میں 14 بچوں ں کی جان گئی تھی۔ اس معاملے میں بھی کوئی ایکشن نہیں لیا گیا ۔ بناس کانٹھا میں پل حادثہ میں کئی افراد مارے گئے تھے ۔ جس کے بعد پل بنانے والی کمپنی کو بلیک لسٹ کردیا گیا تھا لیکن جیسے ہی اس کمپنی نے بی جے پی کو چندہ دیا، پل بنانے والی کمپنی کو پھر سے پل بنانے کا ٹھیکہ دیدیا گیا ۔