احمد آباد : گجرات کے راجکوٹ میں قائم کردہ کووڈ۔19 ہاسپٹل کے آئی سی یو میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجہ میں 5 کورونا وائرس مریض فوت ہوگئے ۔ جمعہ کی صبح پیش آئے واقعہ کے تعلق سے ڈپٹی چیف منسٹر گجرات نتن پٹیل نے یہاں میڈیا کو بتایا کہ ہاسپٹل میں 26 دیگر مریض زیرعلاج ہیں جنہیں بچالیا گیا اور دیگر مراکز کو منتقل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ آگ آئی سی یو میں رات دیر گئے لگی اور 4 منزلہ عمارت کے فرسٹ فلور پر یہ حادثہ پیش آیا جہاں 31 مریض شریک تھے ۔ چیف منسٹر گجرات وجئے روپانی نے واقعہ پر دکھ کا اظہار کیا اور اس کی تحقیقات کا حکم دیا ۔ انہوں نے ہر متوفی کے لواحقین کو 4 لاکھ روپئے کے معاوضہ کا اعلان کیا ۔ اگست میں بھی اسی ہاسپٹل میں 8 کورونا مریض فوت ہوئے تھے ۔