رکن اسمبلی گوشہ محل کے تلگودیشم ریاستی صدر کاسانی گیانیشور سے مذاکرات
حیدرآباد28۔اپریل (سیاست نیوز) گوشہ محل کے رکن راجہ سنگھ کی معطلی ختم کرنے میں بی جے پی ہائی کمان نے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ ایسے میں ہائی کمان سے مایوس راجہ سنگھ سیاسی مستقبل کیلئے دیگر امکانات تلاش کر رہے ہیں ۔ بتایا جاتا ہیکہ وہ تلگو دیشم میں شمولیت کی تیاری کر رہے ہیں تاکہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں تلگو دیشم کے ٹکٹ پر مقابلہ کیا جاسکے۔ اشتعال انگیز بیانات پر بی جے پی ہائی کمان نے انہیں پارٹی سے معطل کردیا تھا۔ معطلی کو 6 ماہ ہونے کے باوجود ہائی کمان سے کوئی راحت نہیں ملی۔ حالانکہ انہیں تیقن دیا گیا تھا کہ بہت جلد معطلی ختم کردی جائے گی ۔ بی جے پی سے مایوس ہوکر راجہ سنگھ تلگو دیشم میں شمولیت پر غور کر رہے ہیں۔ 2009 ء میں راجہ سنگھ نے تلگو دیشم میں شمولیت سے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا تھا۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات میں وہ تلگو دیشم ٹکٹ پر منتخب ہوئے اور 2014 ء تک کارپوریٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دی۔ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے ٹکٹ پر گوشہ محل سے مقابلہ کرتے ہوئے کانگریس امیدوار مکیش گوڑ کو 46793 ووٹوں سے شکست دی تھی ۔ 2018 ء میں وہ بی جے پی کے ٹکٹ پر دوسری مرتبہ 17734 ووٹوں کی اکثریت سے منتخب ہوئے اور قریبی حریف ٹی آر ایس کے پریم سنگھ راتھوڑ کو شکست دی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ تلگو دیشم میں شمولیت پر ریاستی صدر کاسانی گیانیشور سے ملاقات کرچکے ہیں۔ بتایا جاتا ہیکہ گیانیشور نے قومی صدر چندرا بابو نائیڈو سے مشاورت کے بعد فیصلہ سنانے کا تیقن دیا۔ تلگو دیشم میں شمولیت کے ذریعہ وہ گوشہ محل اسمبلی حلقہ کے تمام بلدی وارڈس میں تلگو دیشم امیدواروں کو کامیاب بنانے کا تیقن دے رہے ہیں۔ر