راجہ سنگھ نے خصوصی پیاکیج کا اعلان کرنے پر استعفیٰ دینے کا پیشکش کیا

   

Ferty9 Clinic

حلقہ اسمبلی گوشہ محل کی ترقی کیلئے وہ اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہوجائیں گے
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : بی جے پی کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے اسمبلی حلقہ گوشہ محل کی ترقی کے لیے چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے خصوصی پیاکیج کا اعلان کرنے پر اسمبلی کی رکنیت سے فوری مستعفی ہونے کا اعلان کیا اور ضمنی انتخابات میں ٹی آر ایس کو کامیاب بنانے کا چیف منسٹر کے سی آر کو چیلنج کیا ۔ آج یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے راجہ سنگھ نے کہا کہ جہاں بھی ضمنی انتخابات ہورہے ہیں اس حلقہ کی ترقی اور سماج کے مختلف طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے چیف منسٹر ہزاروں کروڑ روپئے کے ترقیاتی اسکیمات کا اعلان کررہے ہیں ۔ ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور دیگر طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے بڑے پیمانے پر فنڈز جاری کررہے ہیں ۔ میرے اسمبلی حلقہ گوشہ محل کے عوام مجھے سوشیل میڈیا پر حلقہ کی ترقی کیلئے استعفیٰ دینے کیلئے دباؤ ڈال رہے ہیں لہذا وہ چیف منسٹر کے سی آر سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسمبلی حلقہ گوشہ محل کی ترقی کے لیے ہزاروں کروڑ روپئے کے خصوصی پیاکیج کا اعلان کرے وہ فوری اسپیکر اسمبلی سے ملاقات کرتے ہوئے اپنا مکتوب استعفیٰ پیش کریں گے ۔ وہ اس کیلئے اپنی پارٹی قیادت کو بھی راضی کرالیں گے ۔ ان کے استعفیٰ دینے سے حلقہ اسمبلی گوشہ محل کے ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیتی طبقات کو فائدہ پہونچتا ہے تو وہ استعفیٰ دینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے ان سے اسمبلی میں وعدہ کیا تھا کہ وہ میرے حلقہ کا دورہ کریں گے ۔ لیکن آج تک دورہ نہیں کیا ۔ مرکزی وزیر جی کشن ریڈی سے اختلافات کی تردید کرتے ہوئے راجہ سنگھ نے کہا کہ ہم بھائی بھائی کی طرح مل گئے ہیں ۔ اب کوئی اختلافات نہیں ہے وہ کشن ریڈی کے تعاون سے اپنے حلقہ اسمبلی کو ترقی دینے کے اقدامات کریں گے ۔۔