راجہ سنگھ کا بیان بے ہودہ ، ناشائستہ اور تکلیف دہ

   


ایسے بد زبانوں کو لگام دینا حکومت کی ذمہ داری ہے : جنرل سکریٹری بورڈ
نئی دہلی ۔ 23 ۔ اگست : ( پریس نوٹ ) : آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے اپنے پریس نوٹ میں کہا ہے کہ پیغمبر اسلام ﷺ کی ذات گرامی تمام مسلمانوں کو ان کے اپنے وجود اور اپنی اولاد سے بھی زیادہ عزیز ہے اور ان کی شان میں ہتک ادنی سے ادنی مسلمان کیلئے بھی ناقابل برداشت ہے ، افسوس کہ ادھر فرقہ پرست قائدین نے مسلمانوں کے جذبات کو برانگیختہ کرنے پیغمبر اسلام ﷺ پر زبان کھولنا شروع کردیا ہے ، جس کی ایک تازہ مثال بی جے پی لیڈر ٹی راجہ سنگھ کا بے ہودہ اور ناشائستہ بیان ہے ، حکومت کو چاہئے کہ ایسے بد زبان لوگوں کو لگام دے موثر قانون بنائے اور پہلے سے جو قانون موجود ہے ، پوری قوت کے ساتھ اس کو نافذ کرے ، مذہبی مقدس شخصیتوں سے لوگوں کے جذبات وابستہ ہوتے ہیں ۔ تمام لوگوں پر اس کا لحاظ ضروری ہے اور مسلمان علماء اور دانشوروں نے ہمیشہ اس کا لحاظ رکھا ہے ، مولانا رحمانی نے مسلمانوں سے بھی اپیل کی کہ وہ صبر اور تحمل سے کام لیں ، حکومت سے نمائندگی کریں اور ایسے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے قانون کی طاقت کا استعمال کریں ۔ مولانا رحمانی نے کہا کہ مستقبل قریب میں ربیع الاول کا مہینہ آرہا ہے اس کو تعارف پیغمبر کا مہینہ بنایا جائے ، مسلم تنظیمیں ، مدارس ، مسجدوں کے ذمہ داران قرب و جوار کے غیر مسلم بھائیوں کو مدعو کر کے ان کے سامنے حضورؐ کی حقیقی اور سچی سیرت پیش کریں کیونکہ جہالت کا اندھیرا برا بھلا کہنے سے ختم نہیں ہوگا ، اس وقت ختم ہوگا جب سچائی کا چراغ روشن کردیا جائے ۔۔