حیدرآباد۔23 ۔ستمبر (سیاست نیوز) بی جے پی کے رکن اسمبلی ای راجہ سنگھ نے پولیس میں شکایت کی ہے کہ انہیں نامعلوم افراد کی جانب سے دھمکی آمیز ٹیلیفون کالس موصول ہورہے ہیں، لہذا انہیں گن لائسنس جاری کیا جائے۔ گوشہ محل اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرنے والے راجہ سنگھ نے الزام عائد کیا کہ نامعلوم افراد ٹیلیفون پر انہیں اور ارکان خاندان کو قتل کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ نامعلوم کالرس گالی گلوج اور قابل اعتراض جملوں کا استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھمکی دینے والے نے انہیں آخری وارننگ کے طور پر متنبہ کیا ہے ۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس کو روانہ کردہ مکتوب میں راجہ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان کی مختلف ریاستوںسے دھمکی آمیز کالس موصول ہورہے ہیں۔ سابق میں اس طرح کی دھمکیوں کے خلاف بارہا شکایت کے باوجود انٹلیجنس ڈپارٹمنٹ سے کوئی ردعمل موصول نہیں ہوا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس مرتبہ پولیس دھمکی دینے والوں کا پتہ چلائے گی۔ راجہ سنگھ نے اپنی شکایت کے ساتھ 6 موبائیل نمبرس فراہم کئے جن کے ذریعہ یہ دھمکیاں دی گئیں۔ راجہ سنگھ نے کہا کہ انہوں نے سابق میں ڈائرکٹر جنرل پولیس کو دھمکیوں کے بارے میں کئی مرتبہ شکایت کی تھی لیکن ایک بھی شخص کو گرفتار نہیں کیا گیا ۔ راجہ سنگھ نے حفاظتی خود اختیاری کے تحت گن لائسنس کی اجرائی کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے انہیں گن لائسنس جاری کرنے کا تیقن دیا تھا لیکن پولیس اس مسئلہ کو نظر انداز کر رہی ہے ۔ ر