راجہ سنگھ کو پولیس نے میدک جانے سے روک دیا میاں پور کے خانگی ہاسپٹل میں زخمی کی عیادت کی

   

حیدرآباد۔/16 جون، ( سیاست نیوز) بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کو پولیس نے میدک جانے سے روکنے کیلئے احتیاطی طور پر حراست میں لے لیا۔ راجہ سنگھ نئی دہلی سے واپسی کے بعد میدک کے گڑبڑ زدہ علاقوں کے دورہ پر روانہ ہونے والے تھے۔ پولیس نے راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایرپورٹ پر راجہ سنگھ کو احتیاطی طور پر اپنی تحویل میں لے لیا۔ بعد میں راجہ سنگھ نے میاں پور کے ایک خانگی ہاسپٹل میں زیر علاج میدک واقعہ کے ایک زخمی ارون کی عیادت کی۔ اس موقع پر راجہ سنگھ نے کہا کہ میدک واقعات میں پولیس کی ناکامی ثابت ہوتی ہے۔ پولیس کی بروقت عدم کارروائی کے سبب یہ صورتحال پیدا ہوئی۔ راجہ سنگھ نے کہا کہ پولیس کو بڑے جانوروں کے بارے میں بروقت اطلاع دینے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مقامی افراد نے جانوروں کی قربانی روکنے کیلئے احتجاج کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے گاؤ رکھشکوں پر لاٹھی چارج کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس ازخود کارروائی کرتی تو صورتحال نہیں بگڑتی۔ انہوں نے بی جے پی اور بی جے وائی ایم کارکنوں کے خلاف سنگین مقدمات کی شکایت کی۔1