راجہ سنگھ کو گوشہ محل سے بی جے پی ٹکٹ کا یقین

   

حیدرآباد ۔21۔ اگست (سیاست نیوز) گوشہ محل اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی امیدوار کے طور پر مقابلہ کریں گے۔ ٹوئیٹر پر راجہ سنگھ نے لکھا کہ بی جے پی قائدین بنڈی سنجے اور کشن ریڈی کا انہیں آشیرواد حاصل ہے اور وہ جنگ کیلئے تیار ہیں۔ گوشہ محل اسمبلی حلقہ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھی جنگ کیلئے تیار ہوجائیں ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام بی آر ایس کو بیدخل کرتے ہوئے بی جے پی کو اقتدار حوالے کریں گے۔ کے سی آر نے آج جن چار اسمبلی حلقہ جات کے امیدواروں کا اعلان نہیں کیا ، ان میں گوشہ محل شامل ہیں۔ راجہ سنگھ نے کہا کہ گوشہ محل سے کے سی آر امیدوار کا اعلان نہیں کریں گے بلکہ مجلس امیدوار کا اعلان کرے گی۔ مجلس جس کا نام پیش کرے گی ، کے سی آر اسی کو امیدوار بنائیں گے۔ واضح رہے کہ بی جے پی نے راجہ سنگھ کی معطلی ابھی تک ختم نہیں کی ہے ۔ گزشتہ سال قابل اعتراض بیان بازی پر بی جے پی نے پارٹی سے معطل کردیا تھا ۔