راجہ سنگھ کیلئے آئندہ اسمبلی ٹکٹ آسان نہیں

   

وکرم گوڑ کی امیدواری کو کشن ریڈی کی تائید

حیدرآباد ۔24۔ جولائی (سیاست نیوز) حیدرآباد کے گوشہ محل اسمبلی حلقہ میں راجہ سنگھ کے لئے دوبارہ بی جے پی ٹکٹ حاصل کرنا آسان نہیں ہوگا۔ پارٹی نے گزشتہ ایک سال سے راجہ سنگھ کی معطلی کو برخواست نہیں کیا ہے ۔ حالانکہ سابق صدر بنڈی سنجے نے ہائی کمان سے راجہ سنگھ کے حق میں سفارش کی تھی۔ گزشتہ دنوں راجہ سنگھ نے ریاستی وزیر ہریش راؤ سے ملاقات کی جس کے بعد بی آر ایس میں شمولیت کی اطلاعات گشت کرنے لگی ۔ الیکشن مینجمنٹ کمیٹی کے صدرنشین ایٹالہ راجندر نے راجہ سنگھ سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی اور معطلی ختم کرنے کا تیقن دیا لیکن یہ ملاقات راجندر کیلئے مہنگی ثابت ہوئی ۔ پارٹی ہائی کمان نے راجہ سنگھ سے ملاقات پر برہمی کا اظہار کیا۔ بتایا جاتاہے کہ گوشہ محل کی اسمبلی نشست کے لئے بی جے پی میں ایم وکرم گوڑ اہم دعویدار کے طورپر ابھرے ہیں۔ وہ سابق وزیر ایم مکیش گوڑ کے فرزند ہیں۔ راجہ سنگھ نے 2014 ء اور پھر 2018 ء میں کامیابی حاصل کی تھی لیکن اس مرتبہ پارٹی اس حلقہ میں کسی نئے چہرہ اور نوجوان کو میدان میں اتارنا چاہتی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ وکرم گوڑ کو جی کشن ریڈی کی تائید حاصل ہے۔