راجہ سنگھ کی قیادت میں گاؤ رکھشکوں کی غندہ گردی ، شاہ میر پیٹ پر ہنگامہ

,

   

۔60گائے اور بچھڑوں کو ذبیحہ منتقلی سے روک دینے کا دعویٰ ، ٹرک ڈرائیور گرفتار

حیدرآباد۔ 28 جنوری (سیاست نیوز) بی جے پی کے رکن اسمبلی حلقہ گوشہ محل ٹی راجہ سنگھ نے ضلع میڑچل کے شاہ میر پیٹ منڈل میں ایک ٹرک کا پیچھا کرتے ہوئے اسے روک دیا جس میں گائے اور بچھڑے منتقل کئے جارہے تھے۔ تفصیلات کے بموجب راجہ سنگھ نے پیر کی صبح رویندر گوڑ کے ساتھ نے تم کنٹہ ویلیج ترکا پلی سے آنے والی ایک ٹرک کو مجید پور چوراہے پرایک ٹرک کو روک دیا اور اس کی تلاشی لی جس میں گائے اور بچھڑے موجود ہونے پر شاہ میر پیٹ پولیس کو اطلاع دی۔ کچھ ہی دیر میں راجہ سنگھ کے حامی بھی وہاں پہنچ گئے اور گائے منتقل کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ پولیس شاہ میر پیٹ کی ایک ٹیم نے وہاں پہنچ کر فوری ٹرک کو اپنے قبضہ میں لے لیا اور ٹرک ڈرائیور رفیق خان کو حراست میں لے لیا جو پڑوسی ریاست اڈیشہ سے سنگاریڈی کے الکبیر کو منتقل کررہا تھا۔ پولیس نے اس کارروائی میں 63 بڑے جانوروں کو ضبط کرلیا اور ڈرائیور کے خلاف ایک مقدمہ بھی درج کرلیا۔ راجہ سنگھ نے گائے اور بچھڑے منتقل کئے جانے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ شہر حیدرآباد ہی نہیں بلکہ ریاست تلنگانہ اور دیگر مقامات پر گاؤکشی پر امتناع کے باوجود غیرقانونی طور پر گایوں کی منتقلی جاری ہے۔ راجہ سنگھ کی جانب سے گایوں کی ٹرک کو روکنے کے نتیجہ میں شاہ میر پیٹ روڈ پر کافی دیر تک ٹریفک میں خلل پیدا ہوگیا تھا۔