راجہ سنگھ کے بیان سے سیاسی فائدہ حاصل کرنے بی جے پی کی کوشش: ریونت ریڈی

   

لکر اسکام سے توجہ ہٹانے ٹی آر ایس کی مساعی کا الزام
حیدرآباد۔/24 اگسٹ، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے بی جے پی کے معطل شدہ رکن اسمبلی راجہ سنگھ کے متنازعہ بیان پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ ٹوئٹر پر ریونت ریڈی نے لکھا کہ عوام کے درمیان مذہبی جذبات کو بھڑکاتے ہوئے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کے تحت بی جے پی نے یہ اقدام کیا ہے۔ راجہ سنگھ کے بیان سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ بی جے پی کا مقصد منافرت پھیلاکر سیاسی فائدہ حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے دہلی کے لکر اسکام میں چیف منسٹر کی دختر کویتا کے ملوث ہونے کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس کی جانب سے حقائق کی پردہ پوشی اور اصل مسئلہ سے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کا عوام جائزہ لے رہے ہیں اور یہ دونوں پارٹیوں کی مشترکہ سازش ہے۔ ریونت ریڈی نے بدعنوانیوں میں ملوث اور مذہبی جذبات کو مجروح کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے جیل بھیجنے کا مطالبہ کیا۔ ریونت ریڈی نے ٹریپل آئی ٹی باسر میں اپنے حقوق کیلئے جدوجہد کرنے والے طلبہ کے خلاف مقدمات درج کرنے کی مذمت کی اور کہا کہ حکومت کی جانب سے جھوٹے مقدمات کے ذریعہ طلبہ کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقائق کا پتہ چلانے کیلئے اپوزیشن قائدین کے جانے پر حراست میں لیا جارہا ہے۔ ریونت ریڈی نے حکومت کو خبردار کیا کہ طلبہ حکومت کے زوال میں اہم رول ادا کریں گے۔ ر