حیدرآباد ۔ /4 ڈسمبر (سیاست نیوز) گوشہ محل کے رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ کے خلاف بہادر پورہ پولیس نے اشتعال انگیزی کا ایک مقدمہ درج کیا ہے ۔ وٹرنری ڈاکٹر دشا کے قتل کیس کے سلسلے میں گرفتار خاطیوں کے ناموں کا اپنے بیان میں انکشاف کرتے ہوئے ایسے الفاظ کا بھی استعمال کیا جس سے شان رسالت میں گستاخی پائی جاتی ہے ۔ بی جے پی کے رکن اسمبلی کے خلاف محمود نگر کشن باغ کے ساکن محمد نواز الدین نے پولیس اسٹیشن بہادر پورہ سے ایک شکایت درج کرواتے ہوئے راجہ سنگھ کی اشتعال انگیزی کے خلاف الزامات عائد کئے تھے ۔ پولیس نے راجہ سنگھ کے خلاف تعزیرات ہند کے دفعہ 295(A) کے تحت ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے بہادر پورہ پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر نرسمہا راؤ نے تحقیقات کا آغاز کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ راجہ سنگھ نے قتل کیس کے خاطیوں میں اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے شخص کی نشاندہی کے بعد اس کیس کو مذہبی اور فرقہ پرست رنگ دینے کی کوشش کی تھی۔