راجہ سنگھ کے وکیل کو دھمکانے کے الزام میں مسلم نوجوان کے خلاف مقدمہ

   

حیدرآباد : /31 اگست (سیاست نیوز) بی جے پی کے معطل شدہ رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ کے وکیل کے کرونا ساگر کو ہائیکورٹ کے قریب دھمکانے پر ایک مسلم نوجوان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ چارمینار پولیس نے اس سلسلہ میں ایک ایف آئی آر جاری کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ۔ /26 اگست کو ایڈوکیٹ کرونا ساگر ہائیکورٹ کے گیٹ نمبر 4 کے قریب میڈیا سے خطاب کررہے تھے کہ ایک مسلم نوجوان نے وہاں پہنچ کر مبینہ طور پر کرونا ساگر کو دھمکایا ۔ اس سلسلہ میں وکیل نے پولیس اسٹیشن چارمینار سے ایک شکایت درج کروائی تھی اور یہ الزام عائد کیا کہ ایک مسلم نوجوان نے انہیں دھمکایا ہے ۔ پولیس نے نامپلی چیف میٹروپولیٹین مجسٹریٹ سے اجازت حاصل کرتے ہوئے تعزیرات ہند کے دفعہ 506 (دھمکانا) کے تحت ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے ۔