راجہ سنگھ گھر پر نظربند،چلو بھینسہ پروگرام ناکام

   

حیدرآباد 14 جنوری (این ایس ایس) سٹی پولیس نے تلنگانہ میں بی جے پی کے واحد رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ کو گھر پر نظربند کرتے ہوئے ان کے چلو بھینسہ مارچ کو ناکام بنادیا۔ راجہ سنگھ نے اپنے حامیوں کے ساتھ بھینسہ تک ریلی لیجانے کا اعلان کیا تھا۔ لیکن پولیس نے اُنھیں اس کی اجازت نہیں دی۔ بھینسہ میونسپلٹی کے حدود میں عوام کے دو گروہوں میں تصادم کے بعد راجہ سنگھ نے ریلی منظم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ پولیس نے بی جے پی کے رکن قانون ساز کونسل این رامچندر راؤ کو بھی گرفتار کرلیا۔ بھینسہ میں جھڑپوں کے دوران املاک کو بڑے پیمانے پر نقصانات پہونچے ہیں۔ تصادم اور سنگباری میں بشمول چند ملازمین پولیس متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ بعدازاں اس علاقہ میں انٹرنیٹ سرویس مسدود کرتے ہوئے ہندوستانی تعزیری ضابطہ کی دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکام جاری کردیئے گئے۔