راجہ صاحب کے ہدایتکارکوفلم سے ہزار کروڑکی کمائی کا یقین

   

حیدرآباد، 18 جون (آئی اے این ایس)۔ معروف اداکار پربھاس کی آنے والی فلم دی راجہ صاحب کے ہدایتکار ماروتھی نے پر اعتماد انداز میں کہا ہے کہ ان کی فلم باکس آفس پر1000کروڑ روپے سے زیادہ کمائی کرے گی۔ یہ ہاررفینٹسی انٹرٹینر فلم رواں سال 5 دسمبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔ حیدرآباد میں منعقدہ فلم کے میگا ٹیسر لانچ ایونٹ میں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ماروتھی سے پوچھا گیا کہ کیا دی راجہ صاحب پربھاس کی گزشتہ بلاک بسٹر فلموں باہوبلی اور کلکی جیسے 1000 کروڑ سے زائد کا ریکارڈ توڑ سکتی ہے؟ اس سوال کے جواب میں ماروتھی نے تمل میں کہا، یہ فلم یقیناً وہ رقم کما لے گی۔ انہوں نے اس کے بعد اپنی تلگو فلم پریما کتھا چترم اور اس کی تمل ری میک ڈارلنگ کا حوالہ دیا۔ آپ سب جانتے ہیں کہ ڈارلنگ تمل ناڈو میں کتنی بڑی ہٹ فلم تھی۔ یہ میری ہی تلگو فلم کا ری میک تھی۔ اسی طرح دی راجہ صاحب بھی تمل سمیت ہر زبان میں کامیاب ہوگی۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا پربھاس فلم میں دوکردار نبھا رہے ہیں، تو ماروتھی نے وضاحت کی کہ پربھاس فلم میں صرف ایک کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ فلم ریلیز سے پہلے ہی کئی ریکارڈز قائم کر رہی ہے۔ دی راجہ صاحب کو ہندوستانکے سب سے بڑے ہارر۔ فینٹسی سیٹ پر فلمایا گیا ہے ۔ ایک عظیم الشان، پراسرار محل جو خوف اور رازوں سے لبریز ہے۔ حال ہی میں جاری کردہ ٹیسر میں پربھاس دو مختلف روپ میں نظر آئے ہیں ۔ ایک جو دبدبے، توانائی اور سحر انگیز انداز سے بھرپور ہے، اور دوسرا جو تاریک، پراسرار پہلوؤں کی جھلک دکھاتا ہے۔ فلم میں پربھاس کے ساتھ سنجے دت، ندھی اگروال، مالویکا موہنن، اور ردھی کمار جیسے فنکار بھی شامل ہیں، جو اس بدقسمت محل کی کہانی میں مزید تجسس کا اضافہ کرتے ہیں۔ دی راجہ صاحب کو پیپل میڈیا فیکٹری کے بینر تلے تیار کیا جا رہا ہے اور ہدایتکاری ماروتھی نے کی ہے۔ یہ فلم 5 دسمبرکو تلگو، ہندی، تمل،کنڑ اور ملیالم زبانوں میں ایک آل انڈیا انٹرٹینرکے طور پر ریلیز کی جائے گی۔