راجیشور ریڈی نے فارمرس کوآرڈینیشن کمیٹی کے صدرنشین کا جائزہ لیا

   

کے سی آر دور میں کسانوں میں خوشحالی، ریاستی وزراء اور عوامی نمائندوں کی مبارکباد
حیدرآباد۔ 13 ڈسمبر (سیاست نیوز) صدرنشین فارمرس کوآرڈنیشن کمیٹی کی حیثیت سے پی راجیشور ریڈی ایم ایل سی نے آج جائزہ حاصل کرلیا۔ ریاستی وزراء ای دیاکر رائو، ستیہ وتی راتھوڑ، جگدیش ریڈی کے علاوہ ارکان اسمبلی اور کونسل کی کثیر تعداد نے انہیں مبارکباد پیش کی۔ ریاستی وزیر جگدیش ریڈی نے اس موقع پر کہا کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد کے سی آر نے زرعی شعبہ کے مسائل کی یکسوئی کے لیے کوآرڈینیشن کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا۔ کوآرڈینیشن کمیٹی کے ذریعہ نہ صرف کسانوں کے مسائل کی یکسوئی ہوگی بلکہ انہیں پیداوار میں اضافے کے سلسلہ میں ہر ممکن رہنمائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ آندھراپردیش میں کسانوں کی حالت انتہائی ابتر تھی۔ سابقہ حکمرانوں نے زرعی شعبہ کو ناکارہ شعبہ قرار دیا تھا۔ ٹی آر ایس حکومت نے کسانوں میں خوشحالی کو بحال کیا ہے۔ رائیتو بندھو اور رائیتو بیمہ اسکیم کے سبب کسانوں کی معاشی صورتحال بہتر ہوئی۔ دنیا بھر میں کسانوں کی بھلائی کی اسکیمات تلنگانہ کی طرز پر نہیں ہیں۔ سابق وزیر این نرسمہا ریڈی نے راجیشور ریڈی کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ملک بھر میں تلنگانہ کسانوں کی بھلائی میں سرفہرست ہے۔ دیگر ریاستیں تلنگانہ سے رہنمائی حاصل کررہی ہے۔ زرعی شعبے کو 24 گھنٹے بلا وقفہ برقی کی سربراہی ملک کی کسی اور ریاست میں نہیں ہے۔ پی راجیشور ریڈی نے فارمرس کوآرڈینیشن کمیٹی کا صدرنشین مقرر کرنے پر چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ چیف منسٹر نے انہیں جب بھی کوئی ذمہ داری دی ہے اسے پوری دیانتداری کے ساتھ ادا کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی بھلائی کے اقدامات میں تلنگانہ سرفہرست ہے۔ آئندہ دو برسوں میں ریاست میں ایک کروڑ 25 لاکھ ایکڑ اراضی کو پانی سربراہ کیا جائے گا۔ راجیشور ریڈی نے کہا کہ کسانوں کو پیداوار پر امدادی قیمت کی ادائیگی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ رکن کونسل پوچم پلی سرینواس ریڈی، وزیر جنگلات اندرا کرن ریڈی، وزیر بہبودیٔ قبائل ستیہ وتی راتھوڑ اور دوسروں نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔