راجیو راہداری کو قومی شاہراہ بنانے پر زور

   

مرکزی وزیر کشن ریڈی کو ٹی ایس پلاننگ بورڈ وائس چیرمین ونود کمار کا مکتوب
حیدرآباد ۔ 22 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ اسٹیٹ پلاننگ بورڈ کے وائس چیرمین بی ونود کمار نے کل مرکزی وزیر جی کشن ریڈی سے مطالبہ کیا کہ مرکز کو اس بات کے لیے آمادہ کیا جائے کہ راجیو راہداری کو ترقی دیتے ہوئے اسٹیٹ ہائی وے سے نیشنل ہائی وے بنایا جائے ۔ مرکزی وزیر کو روانہ کئے گئے ایک مکتوب میں ونود کمار نے کہا کہ راجیو راہداری پر ٹریفک میں اضافہ ہورہا ہے اور اس سڑک پر ہجوم ہورہا ہے جس کے نتیجہ میں باربار حادثات پیش آرہے ہیں ۔ حیدرآباد تا راما گنڈم براہ سدی پیٹ ، کریم نگر اور پدا پلی سڑک کو اسٹیٹ ہائی وے سے قومی شاہراہ بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ کریم نگر کے ایم پی کی حیثیت سے انہوں نے 12 فروری 2019 کو اس مسئلہ کو پارلیمنٹ میں اٹھاتے ہوئے راجیو راہداری کو ترقی دیتے ہوئے قومی شاہراہ بنانے اور اس سڑک کو چندرا پور اور مہاراشٹرا میں ناگپور تک وسعت دینے کی درخواست کی تھی ۔ ونود کمار نے کہا کہ اے پی ری آرگنائزیشن ایکٹ کے سیکشن 30 کے مطابق ریاست تلنگانہ میں نیشنل ہائی ویز کو مزید فروغ دیا جانا چاہئے اور سڑک رابطہ میں دور دراز علاقوں تک بھی اضافہ کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ان کے رفقاء کے ہمراہ مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری پر زور دیا تھا کہ نیشنل ہائی ویز کے تحت نئے پراجکٹس منظور کئے جائیں اور مرکزی وزیر نے اس سے اصولی طور پر اتفاق کیا تھا ۔ لیکن اب تک کوئی بھی وعدہ پر عمل نہیں ہوا ہے ۔ ونود کمار نے کشن ریڈی پر زور دیا کہ بحیثیت مرکزی وزیر وہ اس سلسلہ میں پہل کرتے ہوئے ریاست کے ساتھ انصاف کو یقینی بنائیں ۔۔