حیدرآباد 12 فبروری ( این ایس ایس ) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے رکن پارلیمنٹ بی ونود کمار نے آج مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ راجیو راہداری کو قومی شاہراہ کے طور پر تسلیم کرے اور اس کے کاموں کی شروعات کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ لوک سبھا میں وقفہ صفر کے دوران یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے ونود کمار نے مرکزی حکومت سے اپیل کی کہ راجیو راہداری کو قومی شاہراہ کا موقف دیا جائے اور کسی تاخیر کے بغیر اس پراجیکٹ کو مکمل کرنے کیلئے کاموں کا آغاز کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ راجیو راہداری کو قومی شاہراہ قرار دینے کے نتیجہ میں حیدرآباد سے براہ کریمنگر راما گنڈم کے درمیان سڑک حادثات کی روک تھام میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حادثات کی روک تھام کیلئے یہ ضروری ہے کہ اس پراجیکٹ کو قومی شاہراہ قرار دیا جائے اور اسے بروقت مکمل کرنے کیلئے کسی تاخیر کے بغیر اس کے تعمیراتی کاموں کو فوری شروع کیا جائے ۔
