راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائرپورٹ سے ماقبل کورونا تعداد بحال

   

فضائی سفر پر تحدیدات کی برخواستگی کے مثبت اثرات ۔ مسافرین کی تعداد میں بھی اضافہ
حیدرآباد۔4اپریل۔(سیاست نیوز) راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر کورونا وائرس سے قبل کی تعداد لوٹ آئی ہے۔ دونوں شہروں کے علاوہ ملک کے کئی شہروں میں لاک ڈاؤن اور فضائی تحدیدات کے ساتھ فضائی مسافرین کی تعداد میں گراوٹ آئی تھی اور مسلسل 2سال تک تحدیدات کے سبب مسافرین کی تعدا دماقبل کورونا کے مطابق نہیں ہوپا رہی تھی لیکن 27مارچ کو مرکزی وزارت شہری ہوا بازی کی جانب سے فضائی مسافرین کیلئے تمام تحدیدات کو ختم کرنے کے بعد راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائیر پورٹ انتظامیہ کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ فضائی مسافرین کی ماقبل کورونا جو تعداد ہوا کرتی تھی وہ واپس آچکی ہے اور فضائی مسافرین کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ ائیر پورٹ انتظامیہ کے مطابق ائیر پورٹ سے مسافرین کی تعداد اور ٹریفک میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ 27 مارچ کو جس دن مرکزی وزارت شہری ہوا بازی کی جانب سے فضائی تحدیدات کے خاتمہ کا اعلان کیا گیا اس دن راجیو گاندھی ائیر پورٹ شمس آباد سے 374 پروازوں کی آمد و رفت ریکارڈ کی گئی اور مسافرین کی تعداد میں اضافہ ہوا ۔ شمس آباد ائیر پورٹ سے بین الاقوامی مسافرین کی تعداد کے متعلق انتظامیہ نے بتایا کہ دنیا کے مختلف ممالک کو سفر کرنے والے مسافرین کی تعداد ماقبل کورونا کا 89 فیصد تک پہنچ چکی ہے اور آئندہ چند یوم میں مزید اضافہ کے امکانات ہیں کیونکہ اب تمام فضائی کمپنیوں کے طیارے شروع ہوچکے ہیں ایسی صور ت میں مکمل تعداد بحال ہوجائے گی۔مارچ کے پہلے دو ہفتوں کے دوران شمس آباد ائیر پورٹ کا استعمال کرنے والے مسافرین کی تعدادکے متعلق انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 7لاکھ اندرون فضائی مسافرین نے شمس آباد ائیر پورٹ کا استعمال کیا ہے جبکہ 1لاکھ بین الاقوامی مسافرین نے ان دو ہفتوں کے دوران ائیرپورٹ کا استعمال کیا ہے۔