اسکائی ٹراکس ورلڈ ائرپورٹ ایوارڈز میں دنیا کے ٹاپ 100 ائرپورٹس کی لیگ میں 64 واں مقام
حیدرآباد۔ راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائرپورٹ شمس آباد کو 2021 اسکائی ٹراکس ورلڈ ائرپورٹ ایوارڈز میں مسلسل تیسری مرتبہ ہندوستان اور وسط ایشیا کا بہترین علاقائی ائرپورٹ قرار دیا گیا ہے ۔ جی ایم آر حیدرآباد انٹرنیشنل ائرپورٹ لمیٹیڈ نے یہ بات بتائی ۔ یہ ائرپورٹ بحیثیت مجموعی رینکنگ میں بھی اچھی پیشرفت کر رہا ہے ۔ 2020 میں یہ ائرپورٹ دنیا بھر میں 71 ویں مقام پر تھا تاہم 2021 میںورلڈ ٹاپ 100 ائرپورٹس لیگ کی فہرست میں یہ 64 ویںمقام پر پہونچ گیا ہے ۔ علاوہ ازیںحیدرآباد ائرپورٹ کو وسط ایشیا اور ہندوستان کے زمرہ میں صاف ستھرے ائرپورٹ مقابلہ میں تیسرا رینک حاصل ہوا ہے ۔ اسے بسٹ ائرپورٹ اسٹاف ہندوستان و وسط ایشیا میں چوتھا اور بسٹ ریجنل ائرپورٹس ایشیا زمرہ میں چھٹا مقام حاصل ہوا ہے ۔ اس کامیابی پر سی ای او جی ایم آر حیدرآباد انٹرنیشنل ائرپورٹ لمیٹیڈ پرادیپ پانیکر نے کہا کہ ہمارا یہ ماننا ہے کہ ہماری اختراعی اور ٹکنالوجی پر مبنی پہل جو کورونا وباء اور بحران کے وقت میں کی گئی تھی اس نے یہ کامیابی دلائی ہے ۔ اس ایوارڈ سے جی ایم آر کو نیا حوصلہ ملا ہے کہ ہم اپنی خدمات میںمزید بہتری لائیں اور ہمارے تمام مسافرین کو ایک محفوظ اور کسی رکاوٹ کے بغیر بہتر تجربہ فراہم کریں۔ جی ایم آر کے زیر انتظام دہلی انٹرنیشنل ائرپورٹ کو ہندوستان اور ایشیا کا سب سے بہترین ائرپورٹ مسلسل تیسری مرتبہ قرار دیا گیا ہے ۔ ائرپورٹ نے بحیثیت مجموعی اپنی رینکنگ میں بھی اضافہ کیا ہے ۔ 2020 میں پچاس ویں مقام پر رہنے والا ائرپورٹ اب 2021 ورلڈ ٹاپ 50 ائرپورٹ لیگ میں 45 ویں مقام پر پہونچ گیا ہے ۔ اسکائی ٹراکس ورلڈ ائرپورٹ ایوارڈز ائرپورٹ صنعت میں اہمیت کے حامل ہوتے ہیں اور یہ صارفین کے ووٹ اور سالانہ عالمی ائرپورٹ صارفین طمانیت سروے کی بنیاد پر دئے جاتے ہیں۔