راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ کے قریب غیر قانونی تعمیرات سے خطرہ لاحق

   

حیدرآباد :۔ ریاست کے دارالحکومت حیدرآباد کے نواح میں بائیو کنزرویشن علاقوں میں قواعد کی صریحاً خلاف ورزی کرتے ہوئے متعدد غیر قانونی تعمیرات کی جارہی ہیں جب کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ متعلقہ عہدیدار ان غیر قانونی سرگرمیوں کے معاملہ میں چشم پوشی سے کام لے رہے ہیں ۔ راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ (RGIA) بائیو کنزرویشن زون میں دیہاتوں میں ایرپورٹ اتھاریٹی آف انڈیا سے این او سی حاصل کئے بغیر کئی غیر قانونی تعمیرات کئے جارہے ہیں جس سے نہ صرف آر جی آئی اے کو بلکہ بالعموم ایکوسسٹم کو بھی بہت نقصان ہوگا ۔ ایرپورٹ بائیو کنزرویشن حدود میں گودام ، کمرشیل ادارے اور دیگر عمارتیں تعمیر کی گئی ہیں جب کہ سیوک اتھارٹیز اس معاملہ میں چشم پوشی کررہے ہیں ۔ ایرپورٹ اتھاریٹی آف انڈیا نے اعلان کیا تھا کہ آٹھ ولیجس ایرپورٹ بائیو کنزرویشن زون کے تحت آئیں گے ۔ جہاں اے اے آئی کے این او سی کے بغیر کسی تعمیرات پر امتناع ہوگا ۔ ان علاقوں میں صرف رہائشی مکانات کی تعمیر کی ہی اجازت دی جارہی ہے ۔ گولہ پلی ، بہادر گوڑہ ، رشی گوڑہ ، تھونڈو پلی ، شنکر پور ، چنا گولکنڈہ ، حمید اللہ نگر اور گنسی میاں گوڑہ ولیجس آر جی آئی اے کے بائیو کنزرویشن زون کے تحت آتے ہیں ۔ اس زون میں رہائشی مقصد کے لیے تعمیرات کے علاوہ دیگر تعمیرات کے لیے اے اے آئی سے این او سی حاصل کرنا لازمی ہے ۔ لیکن لوگ رہائشی مکانات تعمیر کرنے کی اجازت حاصل کرنے کے بعد گودام اور دیگر کمرشیل تعمیر کررہے ہیں ۔ ایرپورٹ بائیو کنزرویشن زون کے حدود میں آٹو نگر قائم کیا گیا ہے اور دیگر کمرشیل تعمیرات کی جارہی ہیں ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق حکومت نے بائیو کنزرویشن زون کے قواعد پر عمل کو یقینی بنانے کے لیے ایک کمیٹی ڈی پی او کی صدارت میں مقرر کی اور اس کے بعد ارکان ایم پی ڈی او ، ایم پی او ، تحصیلدار اور نمائندہ ایرپورٹ ہیں ۔ ان ارکان کو اس زون کے علاقوں کا معائنہ کرتے ہوئے غیر مجاز تعمیرات کے خلاف کارروائی کرنا ہوتا ہے ۔ لیکن یہ کمیٹی مبینہ طور پر اس سلسلہ میں کوئی کارروائی نہیں کررہی ہے ۔ حالانکہ رشی گوڑہ ولیج میں رن وے کے قریب غیر قانونی گودام تعمیر کئے گئے تاہم عہدیدار اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کررہے ہیں ۔ اس علاقہ میں ہیوی ٹرکس کی آمد و رفت کے باعث کئی حادثات کی اطلاعات ہیں ۔ چونکہ ہوائی جہاز اڑان بھرتے وقت اور زمین پر اترتے وقت نیچے اڑتے ہیں اس لیے ان غیر قانونی تعمیرات کی وجہ مسافرین کو بڑا خطرہ لاحق ہے ۔ شمس آباد منڈل پنچایت آفیسر سریندر ریڈی کے مطابق غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی عمارتوں کے مالکین کو نوٹسس جاری کی گئی ہیں ۔ عہدیدار اس زون میں ان علاقوں کا معائنہ کریں گے اور غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کریں گے ۔۔