راجیو گاندھی جینتی تقاریب کا 20 اگسٹ کو انعقاد

   

Ferty9 Clinic

اتم کمار ریڈی کی سینئر قائدین سے مشاورت، حیدرآباد میں سد بھاؤنا یاترا

حیدرآباد۔/16 اگسٹ، ( سیاست نیوز) سابق وزیر اعظم آنجہانی راجیو گاندھی کی 75 ویں جینتی تقاریب کے 20 اگسٹ کو انعقاد کے سلسلہ میں صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے آج گاندھی بھون میں سینئر قائدین کے ساتھ مشاورت کی۔ اجلاس میں کارگذار صدور پونم پربھاکر، کسم کمار، خازن جی نارائن ریڈی، ضلع کانگریس صدور اور سینئر قائدین نے شرکت کی۔ اجلاس میں طئے کیا گیا کہ حیدرآباد کے علاوہ تمام اضلاع میں راجیو گاندھی جینتی تقاریب بڑے پیمانہ پر منعقد کی جائے۔ پارٹی کے تمام قائدین اور کارکنوں کو ان تقاریب میں شامل کیا جائے۔ صدر پردیش کانگریس نے بتایا کہ 20 اگسٹ کی صبح 9 بجے سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ کی قیادت میں پنجہ گٹہ میں واقع راجیو گاندھی کے مجسمہ سے سدبھاؤنا ریالی کا آغاز ہوگا۔ 11 بجے دن سے پردیش کانگریس کی ذیلی تنظیموں کی جانب سے مختلف پروگرامس منعقد کئے جائیں گے۔ یوتھ کانگریس کی جانب سے بلڈ ڈونیشن کیمپ منعقد ہوگا۔ این ایس یو آئی نظام کالج میں راجیو گاندھی کی زندگی پر تصویری نمائش کا اہتمام کرے گی۔ شام 5:30 بجے اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری م افضل کی صدارت میں پروگرام منعقد ہوگا۔ پرکاشم ہال میں منعقد ہونے والے پروگرام میں سابق چیف منسٹر کے روشیا، پروفیسر ناگیشور اور سینئر جرنلسٹ رامچندرا مورتی اور دوسرے شرکت کریں گے۔ اسی دوران جنرل سکریٹری اے آئی سی سی کے سی وینو گوپال نے تمام پردیش کانگریس کمیٹیوں کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے 22 اگسٹ کو اندرا گاندھی انڈور اسٹیڈیم نئی دہلی میں منعقد ہونے والے پروگرام میں اہم قائدین کی شرکت کی اپیل کی۔ اس سلسلہ میں اپنے مکتوب میں وینوگوپال نے کہا کہ اے آئی سی سی کی جانب سے جینتی تقاریب بڑے پیمانے پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پنچایت سے لے کر ریاستی سطح کے تمام قائدین کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ پروگرام کی تفصیلات اور دعوت ناموں کیلئے سکریٹری اے آئی سی سی جے ڈی سیلم سے ربط قائم کیا جاسکتا ہے۔ پردیش کانگریس صدور، سی ایل پی لیڈرس ، اے آئی سی سی سکریٹریز ، پردیش کانگریس ورکنگ پریسیڈنٹس ، ارکان پارلیمنٹ، اے آئی سی سی ارکان، ارکان اسمبلی و کونسل اور مجالس مقامی کے عوامی نمائندوں کے علاوہ دیگرسینئر قائدین سے دہلی کے پروگرام میں شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔