راجیو گاندھی سدبھاؤنا ایوارڈ کیلئے ڈاکٹر جے گیتا ریڈی کا انتخاب

   

چارمینار کے دامن میں 19 اکتوبر کو تقریب، چیف منسٹر اور ریاستی وزراء شرکت کریں گے
حیدرآباد ۔14۔ اکتوبر (سیاست نیوز) راجیو گاندھی سدبھاؤنا یاترا یادگاری کمیٹی نے جاریہ سال 19 اکتوبر کو راجیو گاندھی سدبھاؤنا ایوارڈ کانگریس کی سینئر قائد اور سابق وزیر ڈاکٹر جے گیتا ریڈی کو پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سدبھاؤنا کمیٹی کے قائدین شیام موہن اور دوسروں نے گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ آنجہانی راجیو گاندھی کی تاریخی چارمینار سے سدبھاؤنا یاترا کی یاد میں ہر سال 19 اکتوبر کو تاریخی چارمینار کے دامن میں تقریب منعقد کی جاتی ہے۔ ہر سال کسی ایک عوامی شخصیت کو سدبھاؤنا ایوارڈ پیش کیا جاتا ہے ۔ کمیٹی نے اس مرتبہ سابق وزیر ڈاکٹر جے گیتا ریڈی کو سدبھاؤنا ایوارڈ کیلئے منتخب کیا ہے۔ ایوارڈ کے تعین کیلئے تشکیل دی گئی کمیٹی میں سابق ایم ایل سی بی کملاکر اور پردیش کانگریس کمیٹی انٹلکچول سل کے صدرنشین اے شیام موہن موجود تھے۔ ڈاکٹر جے گیتا ریڈی تین مرتبہ رکن اسمبلی کے طور پر منتخب ہوچکی ہیں اور انہوں نے پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ کی حیثیت سے طویل خدمات انجام دیں۔ گزشتہ 34 برسوں سے تاریخی چارمینار کے دامن میں سدبھاؤنا تقریب منعقد کی جارہی ہیں۔ 19 اکتوبر کو صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ پارٹی پرچم لہرائیں گے۔ وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی تقریب کی صدارت کریں گے جبکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی ، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا اور اے آئی سی سی جنرل سکریٹری دیپاداس منشی مہمان خصوصی ہوں گے۔ ریاستی وزراء دامودر راج نرسمہا ڈی سیتکا ، سریدھر بابو ، اے آئی سی سی سکریٹریز وشنو ناتھ ایم ایل اے، وشواناتھن ، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ اور دیگر قائدین شرکت کریں گے۔ سدبھاؤنا کمیٹی کی جانب سے سابق میں جن شخصیتوں کو ایوارڈس پیش کئے گئے، ان میں کے روشیا ، ویرپا موئیلی ، غلام نبی آزاد ، پدما بھوشن عابد حسین ، جسٹس سردار علی خاں ، جناب زاہد علی خاں ، مجالس آزادی محمد خیرالاسلام ، سابق سفیر محمود بن محمد ، پی نرسا ریڈی ، نریندر لوتھر اور دوسرے شامل ہیں۔ 1