راجیو گاندھی قتل کی مجرم نلنی کی رہائی کی مخالفت

   

چینائی۔21 فروری (سیاست ڈاٹ کام) مرکز نے مدراس ہائی کورٹ میں اپنا یہ موقف واضح کردیا ہے کہ راجیو گاندھی قتل کیس کے مجرمین کو اس کی مرضی کے بغیر رہا نہیں کیا جاسکتا اور کہا کہ ان (مجرمین) کی قبل از وقت رہائی کیلئے ٹاملناڈو کابینی کا صفر برابر اثر ہوگا۔ راجیو گاندھی کے قتل کے سات مجرمین میں شامل نلنی نے اپنی حراست کو غیر قانونی قرار دینے کی اپیل کے ساتھ درخواست دی تھی جس پر سماعت کے دوران جسٹس آر سبیا اور جسٹس آر پونگیاپن پر مشتمل بنچ سے ایڈیشنل سالیسیٹر جنرل (اے ایس جی) جی راجگوپال نے جمعرات کو بحث کے دوران یہ زبانی استدلال پیش کیا۔ اے ایس جی نے اس ضمن میں سپریم کورٹ کے ایک حکم کا حوالہ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ تاوقتیکہ گورنر کے نام سے کوئی حکم جاری نہیں کیا جاتا نلنی کی حراست غیر قانونی نہیں کہلائی جائے گی۔