16 ٹیموں کے ٹورنمنٹ میں ملائیشیا ، نیپال اور بنگلہ دیش بھی شامل
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جنوری (سیاست نیوز) 32 واں راجیو گاندھی آل انڈیا انڈر 19 نیشنل ٹوئنٹی 20 اور فیڈریشن کپ ڈے اینڈ نائیٹ کرکٹ چمپین شپ کا 17 جنوری کو آغاز ہوگا۔ سابق رکن راجیہ سبھا اور صدرنشین کرکٹ فیڈریشن آف انڈیا وی ہنمنت راؤ نے آج میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ عنبرپیٹ گراونڈ پر 17 جنوری کو صبح 9.30 بجے افتتاحی تقریب منعقد ہوگی۔ سکریٹری آل انڈیا کانگریس کمیٹی این ایس بوس راجو ایم ایل سی مہمان خصوصی ہوں گے۔ ہندوستانی کرکٹ کے سابق کپتان اور پردیش کانگریس کے کارگزار صدر محمد اظہرالدین ، امرجیت کمار جنرل سکریٹری کرکٹ فیڈریشن آف انڈیا اور سید صادق پاشاہ صدر کرکٹ فیڈریشن آف انڈیا مہمانان اعزازی ہوں گے۔ اس ٹورنمنٹ میں بیرونی اور مقامی نمائندہ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ وی ہنمنت راؤ ہر سال سابق وزیراعظم آنجہانی راجیو گاندھی کی یاد میں کرکٹ چمپین شپ کا اہتمام کرتے ہیں۔ انڈر 19 نیشنل ٹی 20 ٹورنمنٹ میں 16 ٹیمیں خطاب کیلئے اپنی دعویداری پیش کررہی ہیں جنہیں چار پول اے ، بی ، سی اور ڈی میں منقسم کیا گیا ہے۔ ہندوستان کی مختلف ریاستوں کے علاوہ اس مرتبہ بیرونی ممالک کی ٹیموں میں نیپال ، ملائیشیا اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔ ریاست تلنگانہ سے دو ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جس میں ایک ٹیم حیدرآباد اور دوسری ٹیم تلنگانہ کے نام سے شرکت کررہی ہیں۔ پول اے میں نیپال، حیدرآباد ، سی ایف آئی اور گجرات ، پول بی میں ملائیشیا ،ٹاملناڈو ، آندھرا پردیش اور بنگلورو ، پول سی میں بنگلہ دیش ، ہریانہ ، راجستھان اور ودربھا جبکہ پول ڈی میں تلنگانہ ، بہار ، انڈومان اور چینائی کی ٹیمیں شامل ہیں۔