جے پور : راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے جودھ پور میں راجیو گاندھی فنٹیک ڈیجیٹل انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے لیے 672.5 کروڑ روپے کی ترمیم شدہ رقم کو منظوری دی۔مسٹر گہلوت نے جمعرات کو اپنی صدارت میں منعقدہ فنٹیک ڈیجیٹل یونیورسٹی، جودھپور کی جائزہ میٹنگ میں یہ منظوری دی۔ یہ انسٹی ٹیوٹ جودھ پور میں 66 بیگہا اراضی میں قائم کیا جائے گا۔ سال 2021-22 کے بجٹ کے اعلان میں فنٹیک ڈیجیٹل انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے لیے 400 کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے ۔اس انسٹی ٹیوٹ کو اسٹیٹ آف دی آرٹ کے طور پر تیار کیا جائے گا۔ انسٹی ٹیوٹ کا کیمپس صفر ویسٹ، صفر بجلی اور صفر پانی کے ساتھ نیٹ زیرو کیمپس ہوگا۔ یہ عمارت ماحول دوست عمارت ہوگی۔ یہ ریاست راجستھان میں اپنی نوعیت کی پہلی تعمیر ہوگی۔ابتدائی طور پر انسٹی ٹیوٹ کے لیے 1,400 طلبہ کی گنجائش رکھی گئی تھی۔ اب یو جی، پی جی اور پی ایچ ڈی پروگراموں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے طلباء کی تعداد کو 4000 تک بڑھا دیا گیا ہے ۔ ریاست راجستھان میں طلباء اور آنے والی مالیاتی ٹکنالوجی کی صنعتوں کے فائدے کے لیے آئی ٹی ماحول پیدا کرنے کے لیے سہولیات میں اس کے مطابق تبدیلی کی گئی ہے ۔راجیو گاندھی فنٹیک ڈیجیٹل انسٹی ٹیوٹ کے تحت چار اسکولوں کی تجویز ہے ۔ اس میں اسکول آف فنانشل انفارمیشن سسٹم، اسکول آف فنانشل ٹیکنالوجی وغیرہ اور اسکول آف فنٹیک انوویشن اینڈ انٹرپرینیورشپ ہیں۔