ظہیرآباد میں برسی تقریب کے موقع پر ہیلپ لائن کا آغاز: کانگریس قائدین
ظہیرآباد۔ کانگریس پارٹی حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کے زیر اہتمام آج سابق وزیر اعظم آنجہانی راجیو گاندھی کی 30 ویں برسی منائی گئی۔ اس موقع پر سرکردہ قائدین نے آنجہانی کے پورٹریٹ پر پھول مالائیں چڑھا کر ان کی ملک کے تئیں کی گئی خدمات کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کے دور حکمرانی میں ملک تیزی سے ترقی کی سمت گامزن تھا۔ بعد ازاں ظہیرآباد منڈل پریشد این گریدھر ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے این آر آئی ڈاکٹر اجول ریڈی کے اشتراک و تعاون سے کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے مریضوں کی مدد کیلئے آنجہانی وزیر اعظم کی برسی کے موقع پر آج سے ہیلپ لائن کی شروعات کی ہے ۔ مذکورہ مریضوں کو چاہیئے کہ وہ ان ہیلپ لائن پر ربط پیدا کرتے ہوئے ڈاکٹر سے صلاح و مشورہ کریں اور ان کی ہدایات پر عمل کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مریض کو مفت ادویات کٹس بھی دی جائیں گی جبکہ مریض کی حالت آکسیجن کی متقاضی ہو تو آکسیجن بھی سربراہ کی جائے گی۔ انہوں نے متاثرہ مریضوں سے ان ہیلپ لائن نمبرات 9966250091 ، 9949036183 پر ربط پیدا کرنے کی خواہش کی ہے۔ انہوں نے پارٹی کے سرکردہ قائدین او ر سرگرم کارکنوں سے کورونا مریضوں کی رہنمائی کرنے کی پرزور خواہش کی ہے۔ اس موقع پر دیگر سرکردہ قائدین پرینکا گنڈا ریڈی ، بی سرینواس ریڈی ، رام لنگا ریڈی، پی نرسمہا ریڈی، کنڈیم نرسملو، اکبر حسین، محمد جعفر ، کے بھیمیا، ناگ شیشٹی، محمد شاکر علی، محمد معز الدین، نریش کمار، بھاسکر ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔