راجیو یوا وکاسم اسکیم، 14 اپریل تک درخواستوں کے ادخال کا موقع

   

بھٹی وکرامارکا کی وزراء اور عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس، کاروبار کیلئے 3 زمرہ جات میں امداد
حیدرآباد ۔ یکم اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے راجیو یوا وکاسم اسکیم سے استفادہ کے لئے آن لائن درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں 14 اپریل تک توسیع کردی ہے تاکہ ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیت سے تعلق رکھنے والے نوجوان بڑی تعداد میں درخواستیں داخل کریں۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے اسکیم کے بارے میں ریاستی وزراء و اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا جس میں اسکیم پر عمل کا جائزہ لیا گیا۔ درخواستوں کے ادخال سے لے کر اسکیم پر عمل آوری تک کی مختلف دشواریوں کا جائزہ لینے کے بعد تاریخ میں 14 اپریل تک توسیع کی گئی ہے۔ اُنھوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ خود روزگار اسکیم کے تحت نوجوانوں کو کاروبار کے آغاز کیلئے امداد میں شفافیت کو یقینی بنائیں۔ بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ حکومت کی مالی دشواریوں کے باوجود بیروزگار نوجوانوں کو معاشی طور پر خود مکتفی بنانے اسکیم متعارف کی گئی ۔ منڈل پریشد اور مجالس مقامی کے دفاتر میں درخواست فارم دستیاب رہیں گے۔ عہدیداروں سے کہا گیا کہ وہ اپنے دفاتر میں آن لائن درخواستوں کے ادخال کیلئے امیدواروں کی رہنمائی یقینی بنائیں ۔ وزیر آئی ٹی سریدھر بابو نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ اسکیم کے فوائد کے بارے میں نوجوانوں میں شعور بیدار کریں۔ راجیو یوا وکاسم اسکیم کے تحت حکومت 4 زمرہ جات میں بینک سے مربوط سبسیڈی فراہم کرے گی۔ 50 ہزار روپئے کی امداد صد فیصد سبسیڈی رہے گی جبکہ ایک لاکھ، 2 لاکھ اور 4 لاکھ روپئے امداد کیلئے علی الترتیب 10، 20 اور 30 فیصد بینک لون شامل رہے گا۔ وزراء نے عہدیداروں سے کہاکہ وہ اسکیم پر شفافیت کے ساتھ عمل آوری کو یقینی بنائیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بیروزگار نوجوانوں کے مسائل کے حل کیلئے اسکیم متعارف کی ہے۔ ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتی طبقات سے تعلق رکھنے والے بیروزگار نوجوان اسکیم کے ذریعہ معاشی طور پر خود مکتفی ہوسکتے ہیں۔ عہدیداروں سے کہا گیا ہے کہ وزراء کے دورہ اضلاع کے موقع پر اسکیم کی پیشرفت سے واقف کرایا جائے۔ استفادہ کنندگان کے انتخاب کے لئے ضلع کلکٹر کی قیادت میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ 14 اپریل کو درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ کے بعد مختلف مراحل میں مستحق امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا اور 2 جون کو منظوری کے مکتوب حوالے کئے جائیں گے۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے ضلع کلکٹرس اور عہدیداروں کو اسکیم کی بڑے پیمانہ پر تشہیر کا مشورہ دیا۔1