’’راجیو یووا وِکاسم اسکیم ‘‘کے 1 اور 2 زمرے کی تمام درخواستوں کو منظوری ملے گی !

   

مقررہ نشانہ سے نصف تعداد میں درخواستوں کی وصولی ، 4 لاکھ کیلئے سب سے زیادہ درخواستیں
حیدرآباد۔ 28 اپریل (سیاست نیوز) حکومت کی باوقار ’’راجیو یووا وِکاسم‘‘ اسکیم سے متعلق پہلے دو زمرے کے قرض منظور کرنے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے، ان زمروں میں توقع سے کم درخواستیں موصول ہونے پر تمام درخواستوں کو منظوری دینے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے۔ پہلے زمرے میں صدفیصد سبسڈی کے ساتھ 50 ہزار روپئے کے یونٹس منظور کئے جائیں گے۔ زمرہ 2 میں 90% سبسڈی کے تحت ایک لاکھ روپئے کے یونٹس منظور کئے جائیں گے۔ اس اسکیم کیلئے ایس سی، ایس ٹی، بی سی، مائناریٹی اور ای ڈی سی طبقات سے جملہ 16.23 لاکھ درخواستیں وصول ہوئی ہیں، جن میں ایک لاکھ 32 ہزار درخواستیں زمرہ 1 اور 2 میں حاصل ہوئی ہیں۔ اس زمرہ کے تحت 2.8 لاکھ افراد کو فائدہ پہنچایا جارہا ہے۔ حکومت کا جو نشانہ ہے، اس میں آدھا فیصد درخواستیں بھی وصول نہیں ہوئیں۔ ایس ٹی کارپوریشن کے تحت ان دو زمروں میں 62 ہزار افراد کو فائدہ پہنچانے کا نشانہ مقرر کیا گیا تھا، لیکن صرف 4 ہزار درخواستیں ہی وصول ہوپائیں۔ ای بی سی زمرہ میں 33 ہزار افراد کو فائدہ پہنچانے کا نشانہ مختص کیا گیا تھا، مگر 2,500 درخواستیں وصول ہوئیں۔ جملہ تمام کارپوریشنس کے حدود زمرہ 1 اور 2 کے تحت جن لوگوں کو قرض دینے کا نشانہ مقرر کیا گیا تھا، اس میں نصف درخواستیں بھی حاصل نہیں ہوئیں، جس کے پیش نظر ان دونوں زمروں کے تمام درخواست گزاروں کو قرض منظور کرنے کے بعد ماباقی فنڈس زمرہ 3 اور 4 کے تحت وصول ہونے والے درخواستوں کو قرض دینے کا جائزہ لیا جائے گا۔ راجیو یووا وکاسم اسکیم کیلئے سب سے زیادہ 4 لاکھ روپئے کے یونٹس کیلئے درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ آن لائن وصول ہونے والی درخواستوں کا جائزہ لیا جارہا ہے، جس کی عملہ فیلڈ کا دورہ کرتے ہوئے درخواست گزاروں سے ملاقات کرے گا اور ضروری دستاویزات حاصل کرے گا۔2