میدک، 23 /اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع کلکٹر راہول راج میدک نے ہدایت دی ہے کہ راجیو یووا وکاسم اسکیم کے تحت موصولہ درخواستوں کی جانچ کا عمل 20 مئی تک مکمل کرلیا جائے۔وہ آئی ڈی او سی انٹیگریٹڈ کلکٹر دفتر میں انہوں نے اسکیم کے سلسلہ میں منعقدہ ویڈیو کانفرنس سے خطاب کیا جس میں ایل ڈی ایم، ڈی آر ڈی اے، ایس سی، ایس ٹی، بی سی، اقلیتی بہبود محکموں کے عہدیداران، ایم پی ڈی اوز اور بینک عہدیداران نے شرکت کی۔ضلع کلکٹر نے بتایا کہ اس اسکیم کے لیے ایس سی طبقہ سے 6711، ایس ٹی سے 3461، بی سی سے 19688، ای بی سی سے 550، اقلیتوں سے 2175 اور عیسائی طبقہ سے 55 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منڈل سطح پر جانچ کے لیے ایم پی ڈی او، منڈل اسپیشل آفیسر، بینک مینیجر، ایس سی، ایس ٹی، بی سی، اقلیتی اور ای بی سی عہدیداران، ڈی آر ڈی اے کے اسٹاف پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ اسکیم کے مستفیدین کو یونٹس قائم کرنے کے لیے بینک قرضہ جات کی اجرائی میں تیزی لانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر ناگیش، زیڈ پی سی ای او ایلیا، ڈی آر ڈی او پی ڈی سرینواس راؤ، آر ڈی اوز، میونسپل کمشنر اور مختلف بہبودی محکمہ جات کے ضلع عہدیداران موجود تھے۔