راجیہ سبھا انتخابات ‘ کیشو راو اور سریش ریڈی کا پرچہ نامزدگی داخل

   

حیدرآباد۔ 13 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں راجیہ سبھا کی دو نشستوں کے لیے ٹی آر ایس امیدواروں ڈاکٹر کیشو رائو اور کے آر سریش ریڈی نے آج پرچہ نامزدگی داخل کردیا۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کا آج آخری دن تھا۔ ریاستی وزراء، ارکان پارلیمنٹ اور ارکان مقننہ کی موجودگی میں پرچہ نامزدگی، سکریٹری لیجسلیچر کے حوالے کیا گیا۔ اس سے قبل دونوں امیدواروں نے گن پارک میں واقع شہیدان تلنگانہ کی یادگار پہنچ کر خراج عقیدت پیش کیا۔ ریاستی وزراء کے ٹی راما رائو، سرینواس گوڑ، سرینواس یادو، کے ایشور، اندرا کرن ریڈی، رکن راجیہ سبھا جے سنتوش کمار، سابق رکن پارلیمنٹ کویتا اور دیگر اس موقع پر موجود تھے۔ احاطہ اسمبلی پہنچنے پر ریاستی وزراء اور ارکان مقننہ نے دونوں کو مبارکباد پیش کی۔ دو نشستوں کے لیے صرف دو پرچہ جات نامزدگی داخل ہوئے جس کے سبب دونوں کا بلامقابلہ انتخاب یقینی ہے۔ کیشو رائو اور کے آر سریش ریڈی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو سے ملاقات کی اور راجیہ سبھا ٹکٹ دیئے جانے پر اظہار تشکر کیا۔ پرچہ جات نامزدگی کی جانچ کل 14 مارچ کو کی جائے گی اور دستبرداری کی تاریخ پر متفقہ انتخاب کا اعلان کردیا جائے گا۔