نئی دہلی : پیگاسس جاسوسی کیس ، کسانوں کے مسائل اور مہنگائی پر راجیہ سبھا میں بدھ کو اپوزیشن جماعتوں کے اراکین نے ہنگامہ آرائی جاری رکھی ، جس کی وجہ سے ترنمول کانگریس کے چھ اراکین کو پورے دن کے لئے ایوان سے نکال دیا گیا۔اپوزیشن کے ہنگامے کی وجہ سے ایوان کی کارروائی دو مرتبہ ملتوی کی گئی اور بالآخر دن 3:12 بجے دن کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ایوان میں آج بھی وقفہ صفر اور وقفہ سوال نہیں چل سکا۔ تاہم ترنمول کانگریس کے جواہر سرکار نے ایوان کی رکنیت کا حلف لیا۔ ہنگامے کے دوران ایوان نے محدود ذمہ داری شراکت داری (ترمیمی) بل 2021 ، ڈپازٹ انشورنس اور کریڈٹ گارنٹی کارپوریشن (ترمیمی) بل 2021 اور ائر پورٹس اکنامک ریگولیٹری اتھارٹی آف انڈیا (ترمیمی) بل 2021 کو صوتی ووٹ سے منظور کیا۔چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے رول 255 کے تحت ڈولا سین ، محمد ندیم الدین ، ابیر رنجن بسواس ، شانتا چھیتری ، ارپیتا گھوش اور ترنمول کانگریس کے معظم نور کے خلاف اخراج کی کارروائی کی۔ یہ اراکین ایوان کے وسط میں کارروائی کے دوران پلے کارڈ دکھا رہے تھے اور چیئرمین کے احکامات کی خلاف ورزی کر رہے تھے۔ گزشتہ ہفتے کے شروع میں ترنمول کانگریس کے شانتو سین کو وزیر اطلاعات و ٹکنالوجی اشونی وشنو سے دستاویزات چھیننے اور پھاڑنے پر پورے اجلاس کے لیے ایوان کی کارروائی سے نکال دیا گیا تھا۔ گزشتہ تین ہفتوں سے ایوان میں اپوزیشن کی شدید مخالفت جاری ہے۔