نئی دہلی : راجیہ سبھا میں مہنگائی پر بحث طے ہونے کے باوجود منگل کو بھی اپوزیشن کا شور شرابہ سے وقفہ صفرنہیں ہوسکا اور ایوان کی کارروائی 12بجے تک ملتوی کردی گئی۔ راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے صبح ایوان کی کارروائی شروع کرتے ہوئے ضروری دستاویزات ایوان کی میز پر رکھوائے۔ اس کے بعد انہوں نے کہا کہ کچھ ارکان نے رول 267 کے تحت نوٹس دیے ہیں جنہیں قبول نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ان مدوں پرآنے والے وقت میں بحث کی جاسکتی ہے ۔ اس پر نوٹس دینے والے ارکان نے شور مچانا شروع کر دیا اور چیئرمین کی سیٹ کی طرف بڑھنے لگے۔ نائیڈو نے کہا کہ اگر ارکان کارروائی نہیں چلانا چاہتے تو وہ ایوان کو ملتوی کردیں گے ، لیکن ارکان شور مچاتے رہے ۔