حیدرآباد۔/21ستمبر، ( سیاست نیوز) بی آر ایس رکن پارلیمنٹ روی چندر نے راجیہ سبھا میں خواتین تحفظات بل پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے بل کی تائید کی تاہم آئندہ لوک سبھا انتخابات میں ویمنس ریزرویشن پر عمل آوری کا مطالبہ کیا۔ رکن پارلیمنٹ روی چندر نے کہا کہ ملک میں خواتین کو غیر معمولی عزت و توقیر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور قانون ساز اداروں میں خواتین کو مناسب نمائندگی کیلئے بی آر ایس مطالبہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی ریزرویشن بل کی تائید کرتی ہے تاہم عمل آوری میں تاخیر نہیں ہونی چاہیئے۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے فوری بعد چیف منسٹر کے سی آر نے خواتین اور او بی سی کو قانون ساز اداروں میں تحفظات کے حق میں اسمبلی میں قرارداد منظور کرتے ہوئے مرکز کو روانہ کیا تھا۔ ویمنس ریزرویشن بل کیلئے رکن کونسل کویتا نے دہلی میں جنتر منتر پر دھرنا منظم کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری اور حلقہ جات کی حد بندی کے نام پر مزید تاخیر کے بجائے مجوزہ لوک سبھا چناؤ میں ویمنس ریزرویشن پر عمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ویمنس ریزرویشن کے معاملہ میں ابتداء سے بی آر ایس کا موقف واضح ہے۔ پارٹی بل کی مکمل حمایت کرتی ہے تاہم وہ فوری عمل آوری کے حق میں ہے۔ روی چندر نے تلنگانہ میں مجالس مقامی میں حکومت کی جانب سے خواتین کو فراہم کردہ تحفظات کی تفصیلات بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں صرف ایک دن میں آبادی کا جامع سروے مکمل کرلیا گیا تھا۔