راجیہ سبھا میں سردار بھگت سنگھ، راج گرو اور سکھ دیو کو خراج عقیدت

   

نئی دہلی: راجیہ سبھا میں چہارشنبہ کو شہید سردار بھگت سنگھ، راج گرو اور سکھدیو کی بہادری اور حب الوطنی کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ایوان کی کارروائی شروع ہونے کے بعد چیرمین ایم ونکیا نائیڈو نے کہاکہ شہید سردار بھگت سنگھ، راج گرو اور سکھدیو بہادری اور حب الوطنی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے آج ہی کے دن 1931میں چہرے پر مسکراہٹ کے ساتھ پھانسی کے پھندے پر لٹک گئے تھے ۔ اس وقت ان تینوں کی عمر 20سے 30سال کے درمیان تھی۔ انہوں نے کہاکہ ان لوگوں میں ملک کی آزادی کے لئے غضب کا جذبہ تھا اور وہ آدرش سماج کی تعمیر کے لئے جدوجہد کررہے تھے ۔ انہوں نے آزادی کی لڑائی کے دوران جو آدرش پیش کیا تھا وہ آئندہ نسلوں کو ترغیب دے گا۔باہمی تعاون اور بھائی چارہ کے ساتھ تمام لوگوں نے آزادی کے لئے جدوجہد کی تھی۔بعد میں اراکین نے دو منٹ کی خاموشی اختیار کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔