نئی دہلی : بی جے پی کی رکن کویتا پاٹیدار نے مشہور شخصیات کے ناموں سے منسوب اداروں کے مختصر ناموں کے استعمال کی آج راجیہ سبھا میں پرزور مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس پر سختی سے پابندی لگنی چاہئے۔ایوان میں وقفہ سوالات کے دوران یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے پاٹیدار نے کہا کہ دیوی اہلیا بائی کو ڈی اے بی، تاتیان ٹوپے کو ٹی ٹی اور رام منوہر لوہیا کو آر ایم ایل کہا جا رہا ہے ۔ افراد کے نام پر شہروں، قصبوں اور یونیورسٹیوں کے ناموں کو ‘مختصر ناموں’ میں تبدیل کر دیا گیا ہے ۔ صورت حال اس قدر خراب ہے کہ ٹیکسی، رکشہ اور آٹورکشہ ڈرائیور انہیں ان کے اصل نام سے نہیں بلکہ ’مختصر نام‘سے جانتے ہیں۔بی جے پی کی لیڈر نے کہا کہ مختصر نام رکھنے سے شہروں، قصبوں اور دیگر مقامات کے نام مشہور لوگوں کے نام پر رکھنے کا مقصد ہی فوت ہو جاتا ہے ۔