راجیہ سبھا میں مسلسل دوسرے دن وائی ایس آر کانگریس ارکان کا احتجاج

   

ریاست کوخصوصی موقف کا درجہ دینے کا مطالبہ
حیدرآباد۔/20 جولائی، ( سیاست نیوز) راجیہ سبھا میں مسلسل دوسرے دن وائی ایس آر کانگریس پارٹی ارکان نے احتجاج منظم کیا۔ آندھرا پردیش کو خصوصی موقف کا درجہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج منظم کیا گیا۔ آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون کے تحت نئی ریاست کو خصوصی موقف دیئے جانے کا تیقن دیا گیا تھا۔ وائی ایس آر کانگریس کے ارکان صدرنشین کے پوڈیم تک پہنچ کر احتجاج کرنے لگے جس کے نتیجہ میں کارروائی میں خلل پڑا۔ پارٹی کے فلور لیڈر وجئے سائی ریڈی نے پارلیمانی قواعد کے رول 267 کے تحت نوٹس دیتے ہوئے اس مسئلہ پر مباحث کی مانگ کی ہے۔ راجیہ سبھا کے صدرنشین وینکیا نائیڈو نے مباحث کی مانگ کو مسترد کردیا۔ وائی ایس آر کانگریس کے ارکان پلے کارڈز تھامے ہوئے پوڈیم تک پہنچ گئے جس کے بعد ایوان کی کارروائی ایک گھنٹہ تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ 15 ارکان نے مباحث کی نوٹس دی ہے لیکن قومی نوعیت کے کئی مسائل پر مباحث باقی ہیں۔ وجئے سائی ریڈی نے کہا کہ آندھرا پردیش کو خصوصی موقف کا وعدہ بھی قومی اہمیت کا حامل ہے۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ اس مسئلہ پر بحث کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ یہ مسئلہ آندھرا پردیش ریاست سے متعلق ہے۔ وجئے سائی ریڈی بھی صدرنشین کے تبصرہ کے بعد بطور احتجاج پوڈیم تک پہنچ گئے۔ ایوان میں شوروغل کے بعد ایک گھنٹہ تک کارروائی کو ملتوی کردیا گیا۔