نئی دہلی: پارلیمنٹ کے ایوان با لا راجیہ سبھا میں 12 ارکان کی معطلی کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریس ارکان کے ہنگامہ آرائی کی وجہ سے آج وقفہ صفر اور سوالات نہیں ہوسکا اور ایوان کو دوسری مرتبہ دوپہر 2بجے تک کیلئے ملتوی کردیا گیا۔التوا کے بعد جیسے ہی دوپہر 12 بجے کارروائی شروع ہوئی، ایوان میں قائد اپوزیشن ملکارجن کھرگے نے معطل ارکان کا مسئلہ اٹھانے کی کوشش کی لیکن ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے کہا کہ چیئرمین اس سلسلے میں اپنا فیصلہ دے چکے ہیں ، اس لیے وہ اس پر کچھ بھی سننے کے موقف میں نہیں ہیں۔ انھوں نے جب شور وغل دیکھا تو کارروائی ملتوی کردی ۔ قبل ازیں چیئرمین نائیڈو نے وقفہ صفر کا اعلان کیا تھا۔ اپوزیشن ارکان اپنی نشستوں سے شور کرتے ہوئے ایوان کے وسط میں آگئے اور نعرے بازی شروع کردی۔