راجیہ سبھا میں یکساں سیول کوڈ کامعاملہ اٹھایا گیا

   

نئی دہلی: بی جے پی کے ہرناتھ سنگھ یادو نے ملک میں یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کا مطالبہ کرتے ہوئے جمعہ کو راجیہ سبھا میں کہا کہ اس سے مسلم اور عیسائی خواتین کو ان کے حقوق ملیں گے ۔یادو نے ایوان میں وقفہ صفر کے دوران چیئرمین کی اجازت سے اٹھائے گئے مسائل کے دوران کہا کہ ملک میں تقریباً 10 کروڑ بہنوں کو ان کا حق نہیں دیا جا رہا ہے ۔ ان بہنوں کا تعلق مسلم اور مسیحی برادریوں سے ہے ۔ مسلم اور عیسائی برادریوں کی خواتین کو طلاق، جائیداد اور گود لینے جیسے حقوق حاصل نہیں ہیں۔ اس سے بعض اوقات ان کی زندگی مشکل پیش آتی ہے ۔

دہشت گردوں کی رہائی کا راجیہ سبھا میں مطالبہ
نئی دہلی: راجیہ سبھا میں عام آدمی پارٹی کے رکن وکرم جیت سنگھ ساہنی نے جمعہ کو 80 کی دہائی میں پنجاب میں دہشت گردی کے دور میں جیل میں بند دہشت گردوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ایوان میں وقفہ صفر کے دوران ساہنی نے کہا کہ دہشت گردی کے دور میں مختلف مقدمات میں پکڑے گئے لوگ 30 سال سے زیادہ عرصے سے جیل میں بند ہیں۔ ان لوگوں کو شدید ذہنی اور جسمانی مسائل کا سامنا ہے ۔ مختلف دہشت گردوں کے نام لیتے ہوئے وکرم نے کہا کہ انہیں انسانی بنیادوں پر رہا کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ اس سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے اور جیلوں میں ان کے قیام کے دورانیے اور رویے کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے ۔