سی پی آئی قومی سکریٹری ڈاکٹر نارائنا کا ردعمل
حیدرآباد۔/30نومبر، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے راجیہ سبھا میں 12 ارکان کی معطلی کو غیر جمہوری قرار دیا اور کہا کہ بی جے پی دونوں ایوانوں میں اپنی تیار کردہ جمہوریت پر عمل کررہی ہے۔ ارکان کی معطلی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ گزشتہ سیشن میں زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے جن 12 اپوزیشن ارکان کو موجودہ سیشن کے اختتام تک معطل کیا گیا ہے ان میں سی پی آئی کے قومی سکریٹری بینو وشوم شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ اجلاس کی ہنگامہ آرائی پر جاریہ اجلاس میں معطل کرنا بدبختانہ ہے۔ راجیہ سبھا میں غیر جمہوری طریقے استعمال کئے جارہے ہیں اور افسوس تو اس بات پر ہے کہ صدرنشین وینکیا نائیڈو مرکز اور بی جے پی کے زیر اثر کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سیشن میں ارکان نے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کیا تھا اور وزیر اعظم نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے قوانین سے دستبرداری اختیار کرلی۔ جب مرکزی حکومت نے زرعی قوانین کے سلسلہ میں اپنی غلطی کو تسلیم کرلیا ہے تو پھر 12 ارکان کے خلاف کارروائی کا کیا جواز ہوگا۔ انہوں نے اپوزیشن ارکان کی معطلی فوری برخواست کرنے کا صدرنشین وینکیا نائیڈو سے مطالبہ کیا۔ر