نئی دہلی: کانگریس اقلیتی محکمہ کے سربراہ عمران پرتاپ گڑھی کو مہاراشٹرا سے راجیہ سبھا کا ٹکٹ دیئے جانے پر ریاستی کانگریس کے لیڈر مایوس ہیں اور انہوں نے پارٹی ہائی کمان کو اپنی ناراضگی سے واقف کرا دیا ہے ۔ کانگریس کے سینئر رکن وشوبندھو رائے نے پارٹی صدر سونیا گاندھی کو خط لکھ کر اپنی ناراضگی ظاہر کی ہے اور کہا ہے کہ قیادت کو بتانا چاہئے کہ مہاراشٹرا کے کانگریسیوں کو نظر انداز کرکے کن خوبیوں کی وجہ سے پرتاپ گڑھی کو مہاراشٹرا سے راجیہ سبھا کا ٹکٹ دیا گیا ہے ۔ انہوں نے لکھاکہ عمران پرتاپ گڑھی چار دن پہلے پارٹی میں شامل ہوئے ۔ وہ مرادآباد لوک سبھا سیٹ سے تقریباً چھ لاکھ ووٹوں سے الیکشن ہارے ہیں۔ اب تک وہ ایک بلدیاتی الیکشن بھی جیتوانے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں پھر بھی انہیں اقلیتی محکمہ کے قومی صدر کا عہدہ دیا گیا تھا۔ اب انہیں راجیہ سبھا بھیجا جا رہا ہے۔ مہاراشٹرا سے پرتاپ گڑھی کو ٹکٹ دینے کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ پارٹی کا منصوبہ اگلے اسمبلی انتخابات میں مہاراشٹرا میں اپنے اراکین اسمبلی کی تعداد 44 سے گھٹا کر صرف چار تک سمٹانے کا ہے۔