متفقہ انتخاب یقینی ، پرچوں کی آج جانچ ، چیف منسٹر ، صدر پردیش کانگریس اور وزراء کی شرکت
حیدرآباد 5 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں راجیہ سبھا کی دو نشستوں کیلئے کانگریس امیدواروں کے طورپر ابھیشک منو سنگھوی اور وی نریندر ریڈی نے آج پرچہ نامزدگی داخل کردیا ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ ، ریاستی وزراء ، ارکان پارلیمنٹ ، ارکان اسمبلی و کونسل کی موجودگی میں دونوں نے پرچہ نامزدگی ریٹرننگ آفیسر کے حوالے کیا۔ دونوں امیدواروں کی جانب سے پرچہ نامزدگی کے تین علحدہ سیٹ داخل کئے گئے۔ واضح رہے کہ ابھیشک منو سنگھوی اور کے آر سریش ریڈی کی میعاد آئندہ ماہ تک ہورہی ہے ۔ الیکشن کمیشن نے ملک کی 10 ریاستوں میں راجیہ سبھا کی 37 نشستوں پر انتخابی عمل کا آغاز کیا ہے۔ کانگریس نے ابھیشک منو سنگھوی کو دوسری مرتبہ امیدوار بنایا جبکہ دوسری نشست کیلئے چیف منسٹر کے قریبی ساتھی اور حکومت کے مشیر وی نریندر ریڈی کو امیدوار بنایا گیا ۔ کانگریس ہائی کمان نے کل رات دیر گئے دونوں امیدواروں کے ناموں کو منظوری دی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے امیدواروں کے مسئلہ پر نئی دہلی میں ہائی کمان سے ملاقات کی۔ دوسری نشست کیلئے اگرچہ کئی سینئر قائدین دعویداروں میں شامل تھے لیکن لمحہ آخر میں نریندر ریڈی کے نام کو ہائی کمان نے منظوری دی ہے۔ دو نشستوں کیلئے دو پرچہ جات داخل کئے گئے جس کے سبب دونوں امیدواروں کے متفقہ انتخاب کی راہ ہموار ہوچکی ہے۔ بی آر ایس سے امیدوار کھڑا کئے جانے کی قیاس آرائیاں جاری تھیں لیکن بی آر ایس نے مقابلہ سے گریز کیا۔ پرچہ جات نامزدگی کی جانچ کل 6 مارچ کو ہوگی اور 9 مارچ تک نام واپس لئے جاسکتے ہیں۔ ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے 9 مارچ کو دونوں کے متفقہ انتخاب کا اعلان کیا جائے گا۔ اس موقع پر ریاستی وزراء سریدھر بابو ، لکشمن کمار کے علاوہ سی پی آئی اور مجلس کے ارکان اسمبلی بھی موجود تھے۔ کانگریس قائدین نے دونوں امیدواروں کو مبارکباد پیش کی۔1