کیشو راؤ کو دوبارہ امیدواری کا یقین،کویتا، ونود کمار، اور دوسرے بھی دعویدار
حیدرآباد ۔10۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ کی راجیہ سبھا کی دو نشستوں کے امیدواروں کے سلسلہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مشاورت کا آغاز کردیا ہے ۔ پارٹی کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ اور دیگر قائدین کے ساتھ کے سی آر نے دو مراحل میں مشاورت کی جس میں راجیہ سبھا کے دو اور گورنر کوٹہ کے تحت ایم ایل سی کی ایک نشست کے لئے امیدواروں کے ناموں پر غور کیا گیا ۔ اب جبکہ راجیہ سبھا کے لئے پرچہ نامزدگی کے ادخال کی آخری تاریخ 13 مارچ قریب آچکی ہے، راجیہ سبھا نشست کے دعویداروں نے اپنی سرگرمیوں کو تیز کردیا ہے باوثوق ذرائع نے بتایا کہ پارٹی سکریٹری جنرل ڈاکٹر کے کیشو راؤ کو دوبارہ راجیہ سبھا بھیجنے کا کے سی آر نے وعدہ کیا۔ کے سی آر سے ملاقات کے بعد کیشو راؤ اطمینان اور خوشی کے ساتھ واپس ہوئے۔ انہوں نے میڈیا سے کوئی بات چیت نہیں کی ، تاہم پارٹی قائدین کا کہنا ہے کہ چیف منسٹر نے انہیں دوبارہ ٹکٹ دینے سے اتفاق کرلیا ہے۔ دوسری نشست کیلئے چیف منسٹر کی دختر کویتا کے علاوہ تلنگانہ پلاننگ بورڈ کے نائب صدرنشین بی ونود کمار اور کھمم کے سابق رکن پارلیمنٹ پی سرینواس ریڈی اہم دعویداروں میں شامل ہیں۔ پارٹی کے کئی ارکان پارلیمنٹ و مقننہ کے علاوہ ریاستی وزراء نے بھی کویتا کی امیدواری کے حق میں چیف منسٹر سے ملاقات کی۔ کے سی آر نے دونوں امیدواروں کے سلسلہ میں ابھی تک کوئی اشارہ نہیں دیا۔ تاہم وہ مشاورت کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔ توقع ہے کہ 12 مارچ کو وہ ناموں کا اعلان کریں گے۔ راجیہ سبھا کے لئے دیگر دعویداروں میں کے سی آر کے قریبی ساتھی دامودر راؤ ، ہیتھرو کمپنی کے سربراہ پارتھا سارتھی ریڈی شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ چار ناموں میں سے کے سی آر راجیہ سبھا امیدوار کا انتخاب کریں گے۔ پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے قائدین دوسری نشست ویکر سیکشن کو الاٹ کرنے پر زور دے رہے ہیں۔ اسی دوران نظام آباد میں مجالس مقامی زمرہ کی قانون ساز کونسل کی نشست کے ضمنی انتخاب کے لئے اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ سابق اسپیکر کے آر سریش ریڈی ، ٹی آر ایس میناریٹی ڈپارٹمنٹ کے صدر مجیب الدین اور سابق ایم ایل سی اے نرسی ریڈی نے کونسل کی نشست کے لئے دعویداری پیش کی ہے ۔ اگر یہ نشست سریش ریڈی کو نہیں دی گئی تو نرسی ریڈی یا مجیب الدین میں سے کسی ایک کا انتخاب ہوگا۔ گورنر کوٹہ کے تحت ایم ایل سی کی ایک نشست پر انتخاب باقی ہے جس کے لئے ڈی سرینواس اور جی بالا ملو کے نام پارٹی حلقوں میں زیر گشت ہیں۔ چیف منسٹر کے اعلان تک راجیہ سبھا امیدواروں کے سلسلہ میں تجسس برقرار رہے گا۔