راجیہ سبھا کی 2 نشستوں کیلئے ٹی آر ایس میں زبردست سرگرمیاں

   

کویتا کی امیدواری تقریباًیقینی ، دوسری نشست کیلئے مختلف طبقات قائدین سرگرم
حیدرآباد۔/28 فبروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں راجیہ سبھا کی 2 نشستوں کیلئے برسراقتدار ٹی آر ایس میں زبردست سرگرمیاں شروع ہوچکی ہیں۔ انتخابی اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ ہی راجیہ سبھا کے خواہشمندوں نے پرگتی بھون کا رُخ کرنا شروع کردیا ہے۔ چیف منسٹر کے علاوہ ان کے فرزند کے ٹی آر سے نشست کو یقینی بنانے کیلئے ملاقاتیں کی جارہی ہیں۔ واضح رہے کہ اپریل میں تلنگانہ کی 2 راجیہ سبھا نشستیں خالی ہوں گی۔ راجیہ سبھا کیلئے ایک طرف پارٹی کے سینئر قائدین دوڑ میں ہیں تو دوسری طرف حالیہ عرصہ میں ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرنے والے قائدین بھی چیف منسٹر کے وعدہ کا حوالہ دے کر دعویداری پیش کررہے ہیں۔ اسمبلی میں عددی طاقت کے اعتبار سے ٹی آر ایس دونوں نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔ شیڈول کے مطابق 6 مارچ کو انتخابی اعلامیہ جاری کیا جائے گا اور 13 مارچ تک پرچہ نامزدگی کے ادخال کی مہلت رہے گی۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر نے ایک نشست اپنی دختر کے کویتا کو الاٹ کرنے کیلئے ذہنی بنالیا ہے۔ لوک سبھا انتخابات میں کویتا کو نظام آباد حلقہ سے شکست ہوئی تھی۔ اگر کویتا کی امیدواری طئے ہے تو پھر صرف ایک نشست کیلئے قائدین میں مسابقت رہے گی۔ طبقات کی بنیاد پر بعض قائدین اپنی دعویداری کو مستحکم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔پارٹی کے موجودہ رکن راجیہ سبھا جے سنتوش کمار چیف منسٹر کے شخصی اور سرکاری اُمور میںزیادہ مصروفیت کی بناء پر قومی سیاست میں اہم رول ادا کرنے سے قاصر ہیں لہذا کویتا کو قابل اعتماد لیڈر کے طور پر دہلی میں مصروف رکھا جاسکتا ہے۔ 2019 لوک سبھا انتخابات میں شکست سے دوچار چیف منسٹر کے ایک اور قریبی رشتہ دار ونود کمار کو تلنگانہ اسٹیٹ پلاننگ بورڈ کا نائب صدر نشین مقرر کیا گیا۔ وہ پلاننگ بورڈ کی سرگرمیوں میں زیادہ تر حیدرآباد میں ہی مصروف ہیں۔ پارٹی کے زیادہ تر قائدین قومی سیاست کیلئے کویتا کے رول کی تائید کررہے ہیں۔ ریڈی طبقہ کی جانب سے سابق رکن پارلیمنٹ کھمم پی سرینواس ریڈی ، سابق اسپیکر کے آر سریش ریڈی، رکن کونسل این نرسمہا ریڈی کے درمیان مسابقت ہے۔ کما طبقہ سے تعلق رکھنے والے قائدین میں ایم وینکٹیشورراؤ، ٹی ناگیشور راؤ کے نام زیر گشت ہیں۔ بی سی طبقات کو نمائندگی کی صورت میں مدھوسدن چاری سابق اسپیکر، بسورا ساریا کے ناموں پر غور ہوسکتا ہے۔ ایس سی کوٹہ کے تحت کڈیم سری ہری اور سابق ایم پی مندا جگنادھم کے نام زیر بحث آسکتے ہیں۔ ایس سی میں مالا طبقہ کو نمائندگی کیلئے تلنگانہ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدر نشین جی بالا ملو اور ایس ٹی طبقہ کے سیتا رام نائیک بھی نشست پر نظر جمائے بیٹھے ہیں۔ ٹی آر ایس کے موجودہ ارکان راجیہ سبھا میں جے سنتوش کمار ( او سی ویلما ) ، بی پرکاش ( بی سی مدیراج )، لنگیا یادو ( بی سی یادو )، ڈی سرینواس ( بی سی منورکاپو ) ، لکشمی کانت راؤ( او سی برہمن ) اور میعاد کی تکمیل کرنے والے ڈاکٹر کیشوراؤ ( بی سی منور کاپو )شامل ہیں۔