نئی دہلی: راجیہ سبھا کی جون اور اگست کے درمیان خالی ہونے والی 57 نشستوں کے لیے 10 جون کو انتخابات ہوں گے۔ بھارت میں صدارتی انتخابات سے قبل ہونے والے راجیہ سبھا کے ان انتخابات کو بہت اہم سمجھا جا رہا ہے، کیونکہ مرکز میں برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی اس وقت ایوان بالا میں 95 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔ اور انتخابات کے بعد یہ دوبارہ 100 کا ہندسہ عبور کر سکتی ہے۔ ویسے راجیہ سبھا میں نامزد ممبران پارلیمنٹ کی سات سیٹیں بھی اس وقت خالی ہیں۔ویسے، جن اراکین کی میعاد جون-اگست کے تین مہینوں کے دوران ختم ہو رہی ہے، ان میں مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن، وزیر تجارت پیوش گوئل، اقلیتی امور کے وزیر مختار عباس نقوی شامل ہیں، اس لیے انہیں دوبارہ منتخب ہونا ضروری ہوگا۔ دوسری طرف، پی چدمبرم، کپل سبل، جئے رام رمیش اور امبیکا سونی جیسے اہم اپوزیشن کانگریس کے تجربہ کار رہنما کی میعاد ختم ہونے والی ہے، اس لیے پارٹی انہیں صدن میں واپس لانے کی بھرپور کوشش کرے گی۔