گورنر جشنو دیو ورما کی شرکت، عوام کو تہوار کی مبارکباد
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اگست (سیاست نیوز) گورنر جشنو دیو ورما نے فوجیوں کو راکھی کے پروگرام میں حصہ لیا جس کا اہتمام سمسکرتی فاؤنڈیشن نے راج بھون میں کیا تھا۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد سے تعلق رکھنے والے مختلف کالجس کے طلبہ نے فوج ، بحریہ اور فضائیہ سے تعلق رکھنے والے فوجیوں کو راکھی باندھی۔ ہندوستانی سرحدوں کے تحفظ پر جذبہ خیر سگالی کے تحت فوجیوں کو راکھی باندھی گئی۔ گورنر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عوام کو رکھشا بندھن کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تہوار باہمی ذمہ داری اور تحفظ کے جذبہ کی یاد دلاتا ہے ۔ مہا بھارت میں لارڈ کرشنا نے جس طرح دروپدی کا تحفظ کیا تھا، اسی جذبہ کے تحت خواتین اپنے بھائیوں کو راکھی باندھتی ہے۔ گورنر نے کہا کہ ہندوستانی افواج کے سپاہی نہ صرف سرحدوں پر چوکس رہتے ہیں بلکہ دیگر شعبہ جات میں بھی اپنی گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوجیوں نے سائنسدانوں سے لے کر صفائی ورکرس تک خدمات انجام دی ہے۔ گورنر نے قومی تعمیر میں اتحاد پر زور دیا اور کہا کہ نہ صرف سرحدوں کے تحفظ کی ضرورت ہے بلکہ سچائی اور اصولوں اور اقدار کا تحفظ ہونا چاہئے ۔ گورنر نے سمسکرتی فاؤنڈیشن کی ستائش کی جس نے نوجوانوں میں حب الوطنی کے جذبہ کو فروغ دینے کیلئے اس پروگرام کا اہتمام کیا۔ گورنر نے اس موقع پر طلبہ سے بات چیت کی۔گورنر نے ایک علحدہ پیام جاری کرتے ہوئے تلنگانہ عوام کو راکھی کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ بھائیوں اور بہنوں کے درمیان ایک عظیم رشتہ کی یادگار کے طور پر یہ تہوار منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہنوں کا تحفظ اور ان کی نگہداشت کا وعدہ محض روایتی نہیں بلکہ بہنوں سے محبت کا اظہار ہے۔1