چیف منسٹر ‘ اپوزیشن قائدین اور مختلف صدور نشین کی شرکت
حیدرآباد۔15اگسٹ(سیاست نیوز) گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے راج بھون میں یوم آزادی کے موقع پر سرکردہ شہریوں کے اعزاز میں پر تکلف ضیافت کا اہتمام کیا ۔ راج بھون کے سبزہ زار پر منعقد تقریب میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ‘ کیپٹن این اتم کمار ریڈی ‘ مسٹر اے ریونت ریڈی‘ مسٹر کے جانا ریڈی ‘مسٹر چکرپانی سابق صدرنشین قانون ساز کونسل ‘ جناب محمد علی شبیر ‘ مسٹر سنتوش کمار‘ جناب یوسف زاہد ‘ جناب قمر الدین صدرنشین اقلیتی کمیشن‘ جناب محمد مسیح اللہ خان صدرنشین حج کمیٹی ‘جناب ارشد علی خان کے علاوہ مختلف محکموں کے عہدیداران موجود تھے۔ کانگریس ایم پی ریونت ریڈی اور جناب محمد علی شبیر کی گورنر نرسمہن سے دلچسپ بات چیت ہوئی۔گورنر نے ریونت ریڈی سے دریافت کیا کہ ’آگئے تم‘ ریونت ریڈی نے کہا کہ جب آپ نے اتنی عزت کے ساتھ مدعو کیا تو کیسے نہیں آتا! جس پر گورنر نے دوسرا سوال کیا کہ ملاقات کیلئے آنے والے تھے پھر کیوں نہیں آئے !ریونت ریڈی نے برجستہ کہا کہ وہ ڈر گئے تھے کہ کہیں وہ (گورنر) انہیں ماریں گے تو نہیں ‘گورنرنے کہا کہ اسمبلی میں مارنے پر وہ خاموش رہے تو کیسے ماریں گے!ریونت ریڈی نے فوری جواب دیا کہ وہ اسی خوف میں تھے کہ کہیں اس کا بدلہ تو نہیں لیں گے۔جس پر گورنر نے محمد علی شبیر کی سمت دیکھ کر استفسار کیا کہ کیا اب بھی ان پر غصہ ہے! اس سے پہلے شبیرعلی کچھ کہتے ریونت ریڈی نے کہا کہ شبیر صاحب کسی کے تعلق سے دل میں نہیں رکھتے ‘غصہ نہیں کرتے بلکہ وہ گھر آنے والوں کو لذیذ بریانی کھلاتے ہیں ۔ریونت ریڈی کے جواب پر گورنر کی اہلیہ لیڈی گورنر نے مداخلت کرکے کہا کہ گورنر صاحب تو بریانی نہیں کھاتے جس پر ماحول قہقہوں سے زعفران زار ہوگیا۔
