حیدرآباد۔18مارچ(سیاست نیوز) راج بھون میں ہولی نہیں منائی جائے گی۔ گورنر آندھرا پردیش و تلنگانہ ای ایس ایل نرسمہن نے پلوامہ میں ہوئے دہشت گردانہ حملہ میں شہید ہونے والے سی آر پی ایف جوانوں کے سوگ کے طور پر جاریہ سال ہولی نہ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 21مارچ کو ہونے والے ہولی کے تہوار کے سلسلہ میں راج بھون سے جاری کردہ صحافتی اعلامیہ میں عوام اور ذرائع ابلاغ کو اس بات کی اطلاع دی گئی ہے کہ راج بھون میں اس سال ہولی نہیں منائی جائے گی ۔واضح رہے کہ ہر سال راج بھون میں ہولی کے موقع پر گورنر ہولی کے تہوار میں حصہ لیتے ہوئے عوام اور سیاسی قائدین سے ملاقات کیا کرتے تھے اور اس دن راج بھون پہنچنے والے گورنر کو ہولی کی مبارکباد پیش کیا کرتے تھے لیکن پلوامہ دہشت گردانہ حملہ کے شہیدوں کے لواحقین سے اظہار یگانگت کیلئے راج بھون میں ہولی نہ منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔