راج بھون میں یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب گورنر رادھا کرشنن نے پرچم لہرایا

   

حیدرآباد۔/2 جون، ( سیاست نیوز) گورنر سی آر رادھا کرشنن نے آج راج بھون میں یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر قومی پرچم لہرایا۔ گورنر نے راج بھون کے دربار ہال میں پریڈ کی سلامی لی اور خطاب کیا۔ سی آر رادھا کرشنن جھارکھنڈ کے گورنر اور پوڈیچیری کے لیفٹننٹ گورنر بھی ہیں۔ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن کے استعفی کے بعد انہیں تلنگانہ کی اضافی ذمہ داری دی گئی ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر نے علحدہ تلنگانہ تحریک کی جدوجہد کا ذکر کیا اور یوم تاسیس کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ 10 ویں یوم تاسیس کے موقع پر ہمیں تلنگانہ اور ملک کی ترقی میں اپنے نمایاں رول کا عہد کرنا چاہیئے۔ گورنر نے کہا کہ نظم و نسق میں شفافیت پیدا کرنا اور رشوت خوری کا خاتمہ اولین ترجیح ہے تاکہ ترقی کے حقیقی فوائد غریبوں تک پہنچ سکیں۔ گورنر نے گارڈ آف آرنر کا معائنہ کیا اور عہدیداروں، اسٹاف ، پولیس اور سیکوریٹی عملے کو یوم تاسیس کی مبارکباد پیش کی۔ گورنر نے اس موقع پر اپنی جانب سے اسٹاف ممبرس میں مٹھائی تقسیم کی۔1