راج بھون و پرگتی بھون کے درمیان دوریاں مزید بڑھ گئیں

   

راج بھون کی فلیکسی میں چیف منسٹر کی تصویر غائب، چیف سکریٹری اور ڈی جی پی بھی غیرحاضر
حیدرآباد ۔ 2 اپریل (سیاست نیوز) راج بھون اور پرگتی بھون کے درمیان جو دوریاں پیدا ہوئی ہے وہ تلگو سال نواگادی کے موقع پر پرانے تلخ تجربات کو بھول کر ایک نئی شروعات کی امید کی جارہی تھی۔ تاہم راج بھون میں منعقدہ تقریب میں چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کے علاوہ ریاستی وزراء نے بھی شرکت نہیں کی جبکہ گورنر تلنگانہ تمیلی سائی سوندرا راجن نے راج بھو میں یکم ؍ اپریل کو شام میں ہونے والی تقریب کیلئے چیف منسٹر کے علاوہ وزراء کو دعوت دی تھی۔ راج بھون میں اگادی کے فلیکسی پر چیف منسٹر کے سی آر کی تصویر کہیں نظر نہیں آئی۔ تاہم کانگریس و بی جے پی قائدین راج بھون میں منعقدہ تقریب میں شریک ہوئے ۔ پولیس و دوسرے محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیدار بھی کم نظر آئے۔ اس سے یہ اندازہ لگایا جارہا ہیکہ راج بھون اور پرگتی بھون میں مزید دوریاں بڑھ گئی ہیں سبب یہی امید کر رہے تھے کہ اگادی تقریب میں شرکت کرنے چیف منسٹر راج بھون پہنچیں گے مگر کے سی آر غیرحاضر رہے۔ صدرجمہوریہ ہند نے ستمبر 2019ء میں ای ایس ایل نرسمہن کی جگہ تمیلی سائی سوندراراجن کو تلنگانہ کا گورنر نامزد کیا تھا۔ کے سی آر و تمیلی سائی سوندرا راجن کے درمیان ابتداء میں خوشگوار تعلقات تھے۔ راج بھون میں منعقد ہونے والے تمام پروگرامس میں چیف منسٹر حاضرہوئے تھے۔ کانگریس سے ٹی آر ایس میں شامل ہونے والے پی کوشک ریڈی کو گورنر کوٹہ میں ایم ایل سی بنانے کی چیف منسٹر آفس نے راج بھون سے سفارش کی تھی۔ اس فائل پر گورنر نے غور نہیں کیا جس کی وجہ دونوں کے درمیان اختلافات پیدا ہوجانے کی تب تشہیر ہوئی تھی جب سے گورنر اور چیف منسٹر ایک دوسرے سے دور رہے ہیں یہاں تک اس تقریب میں چیف سکریٹری سومیش کمار اور ڈی جی پی ایم مہیندر ریڈی بھی شریک نہیں ہوئے۔ن